جرمنی میں بے روزگار افراد کی تعداد 30 لاکھ سے متجاوز
29 اگست 2025جرمنی میں بے روزگار افراد کی تعداد ایک دہائی بعد پہلی بار 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جرمنی میں روزگار سے متعلق ایجنسی کے مطابق اگست میں ملک میں 30 لاکھ 25 ہزار افراد بے روزگار رہے، جو جولائی کے مقابلے میں 46 ہزار زیادہ ہیں۔
ایجنسی کے مطابق اگست 2024 کے مقابلے میں یہ اضافہ ایک لاکھ 53 ہزار افراد کا ہے۔ بیروزگاری کی مجموعی شرح 0.1 پوائنٹ اضافے کے ساتھ 6.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ایجنسی کی سربراہ آندریا ناہلس نے کہا کہ لیبر مارکیٹ اب بھی حالیہ برسوں کے معاشی جمود کی عکاسی کر رہی ہے تاہم استحکام کی ابتدائی علامات بھی ظاہر ہو رہی ہیں۔
ایجنسی کے مطابق گرمیوں کے دوران بیروزگاری عموماً بڑھتی ہے کیونکہ تعطیلات سے پہلے کمپنیوں میں بھرتیاں کم ہوتی ہیں اور تربیتی معاہدے بھی ختم ہو جاتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ بریمن (11.8 فیصد) اور برلن (10.5 فیصد) میں رہی جبکہ سب سے کم جنوبی صوبوں باویریا (4.2 فیصد) اور باڈن وورٹمبرگ (4.7 فیصد) میں ریکارڈ کی گئی۔
یہ اعداد و شمار 13 اگست تک کی صورتحال پر مبنی ہیں۔
شکور رحیم ڈی پی اے
ادارت: عاطف توقیر