جرمنی اور یورپ کے 'دروازے بند‘ کر دیے گئے
18 مارچ 2020کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے جرمنی نے غیر یورپی شہریوں کو ملک میں داخلہ نہ دینے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ پابندی تیس دنوں کے لیے ہے۔
سرحدی نگرانی پر مامور جرمن حکام نے بدھ کو بتایا کہ آج صبح سے فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے سے غیر یورپی شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔
فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے کے ترجمان الیگزانڈر سیل کے مطابق،'' غیر یورپی شہریوں کو آج ملک میں داخلہ دینے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی امکان یا راستہ نہیں ہے۔ سرحدی نگران اب بھی ویزے پر غور کر رہے ہیں‘‘۔
خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام کی جانب سے پانچ ہزار مسافروں اور ایک سو فلائٹس کو چیک کیا جانا ہے۔ بدھ کے روز فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 140 مسافروں کو جرمنی میں داخلے سے روک دیا گیا۔
اس موقع پر ایئر لائنز نے ان مسافروں کو واپس لے جانے کی حامی بھری ہے، جنہیں جرمنی میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
جرمن شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو اس سے استثنی حاصل ہے۔ اسی طرح جرمنی میں زیر تعلیم غیر یورپی طلبا و طالبات اور وہ سیاح بھی جرمنی میں داخل ہو سکتے ہیں، جو یہ ثابت کر سکیں کہ وہ طویل عرصے تک یہاں قیام کرنا چاہتے ہیں۔ ان نئی پابندیوں کے مطابق سیاحتی یا کاروباری ویزے پر جرمنی میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
ع ا / اا