جرمن فٹبال فیڈریشن، صدر نیئرزباخ کا دوبارہ انتخاب
25 اکتوبر 2013برلن سے ملنے والی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق نیئرزباخ کو ان کی طرف سے اُس اعلان کے محض ایک روز بعد ایک بار پھر جرمنی میں فٹبال کی نگران قومی تنظیم کا صدر چن لیا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جرمنی 2024ء میں فٹبال کی یورپی چیمپئن شپ کی میزبانی کا ارادہ رکھتا ہے۔
نیئرزباخ 2012ء میں تِھیو سوانسیگر کے جانشین کے طور پر جرمن فٹبال فیڈریشن کے صدر بنے تھے، جو اس وقت فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک رکن ہیں۔
وولفگانگ نیئرزباخ کو 2016ء تک کے لیے ان کے موجودہ عہدے پر دوبارہ منتخب کرنے کا فیصلہ نیورمبرگ میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں جرمن فٹبال فیڈریشن کے تمام وفاقی نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈی ایف بی کے فیڈرل کنوینشن کہلانے والے اس اجلاس میں آج جمعے کے روز تمام 249 مندوبین نے نیئرزباخ کے دوبارہ انتخاب کی حمایت کی۔
اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد وولفگانگ نیئرزباخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے اپنے انتخاب کے سلسلے میں تمام مندوبین کی متفقہ حمایت پر بہت خوشی ہے۔ میں اپنی ذات پر اس قدر اظہار اعتماد کے لیے شکر گزار ہوں۔ میرے لیے یہ بات بڑی اہم ہے کہ جرمن فٹبال فیڈریشن کے وفاقی کنوینشن میں قومی اور تمام علاقائی تنظیموں کے مندوبین نے میرے حق میں رائے دی۔‘‘
وولفگانگ نیئرزباخ کے عہدہء صدارت کی مدت اب 2016ء میں ہونے والے ڈی ایف بی کے اگلے وفاقی کنوینشن تک جاری رہے گی۔ تب ایسے اگلے کنوینشن میں اس تنظیم کے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔
ڈی ایف بی کے موجودہ صدر کی سربراہی میں جرمنی 2020ء کی اس یورپی فٹبال چیمپئن شپ کے چند میچوں کے اپنے ہاں انعقاد کی پیشکش بھی کر چکا ہے، جو پورے یورپ کے مختلف ملکوں میں منعقد کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ نیئرزباخ ہی کی صدارت میں جرمنی 2024ء کی یورپی چیمپئن شپ کے مکمل مقابلوں کے اپنے ہاں انعقاد کے لیے امیدواری کا اعلان بھی کر چکا ہے۔
فٹبال کے بین الاقوامی مقابلوں میں سے گزشتہ قریب 25 برسوں کے دوران جرمنی 1988ء کی یورپی چیمپئن شپ، 2006ء کے ورلڈ کپ اور 2011ء کے خواتین کے ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔
جرمن فٹبال فیڈریشن DFB کے بارے میں اہم بات یہ ہے کہ اس کے ارکان کی تعداد 6.8 ملین سے زائد ہے، اس سے منسلک جرمن فٹبال کلبوں کی تعداد 25 ہزار ہے اور ایک ادارے کے طور پر یہ دنیا بھر میں کھیلوں کے شعبے کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔