جرمن ریلوے اسٹیشنوں پر کھڑی ’لاوارث‘ سائیکلوں کی نیلامی
25 مارچ 2025جرمنی کی سب سے بڑی ریل آپریٹر کمپنی ڈوئچے بان آئندہ ہفتوں میں ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر لاوارث چھوڑ دی جانے والی سینکڑوں سائیکلوں کو نیلامی میں فروخت کرے گی۔ اس ریل کمپنی نے کہا ہے کہ مئی کے آخر تک برلن، لائپزگ، ڈریسڈن اور میونخ سمیت کئی بڑے شہروں میں نیلامیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ڈوئچے بان کے ایک ترجمان نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 5,400 ریلوے اسٹیشنوں پر ہر سال تقریباً 2,700 ایسی لاوارث سائیکلیں کھڑی ملتی ہیں، جنہیں ان کے مالکان وہاں کھڑی تو کر دیتے ہیں لیکن بعد میں انہیں واپس نہیں لے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے تقریباً نصف کو کم از کم 10 ہفتوں تک سٹور کرنے کے بعد نیلام کر دیا جاتا ہے، جب کہ جو بہت خراب حالت میں ہوتی ہیں، ان کو کوڑے میں شامل کر دیا جاتا ہے۔
نیلامی میں کسی بھی سائیکل کی قیمت اس کی حالت اور قسم کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے۔ اوسطاً ایک سائیکل تقریباً 60 یورو ( 65 ڈالر) میں فروخت ہوتی ہے۔ کچھ ای بائیکس 300 یورو سے بھی زیادہ میں فروخت ہوتی ہیں، تاہم ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔
برلن جیسے شہروں میں نیلامیوں کا رجحان بہت بڑے ہجوم اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جس سے بولیاں لگانے والوں میں مقابلہ بڑھ جاتا ہے۔ تاہم بچوں کے لیے سائیکلیں تلاش کرنے والے خریداروں کو بہتر مواقع مل سکتے ہیں، کیونکہ عام طور پر نیلامی میں ایسی سائیکلوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں۔
ش ر⁄ م م ( ڈی پی اے)