جرمن ریلوے اسٹیشنوں پر پرتشدد واقعات میں اضافہ، برلن سرفہرست
1 مارچ 2025جرمنی کی وفاقی پولیس کی طرف سے مہیا کردہ معلومات کے مطابق سال 2024ء میں برلن کے وسطی علاقے کے ریلوے اسٹیشن برلن سینٹرل پر پرتشدد جرائم کے 764 واقعات سے متعلق مقدمات درج کیے گئے۔ اس سے ایک سال قبل 2023ء میں وہاں یہ سالانہ تعداد 620 رہی تھی۔
ڈورٹمنڈ اور ہینوور دوسرے اور تیسرے نمبر پر
جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین مخالف جماعت 'متبادل برائے جرمنی‘ یا اے ایف ڈی کے ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں یا بنڈس ٹاگ میں پارلیمانی حزب کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی حکومت کی طرف سے جو تحریری جواب دیا گیا، اسے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ایک نمائندے نے ذاتی طور پر دیکھا۔
جرمنی: ریل گاڑیوں کی ٹکٹ مشینیں چاٹ کر کورونا پھیلانے والا گرفتار
اس تحریری حکومتی جواب میں بتایا گیا کہ پورے جرمنی میں ایسے جرائم کے ارتکاب کے لحاظ سے برلن سینٹرل کے بعد جو اسٹیشن دوسرے نمبر پر رہا، وہ شہر ڈورٹمنڈ کا مرکزی ریلوے اسٹیشن تھا۔ وہاں گزشتہ برس 735 پرتشدد جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔
جرمنی: ٹرین کے آگے دھکا دے کر مارنے کے واقعات پر تشویش
برلن سینٹرل اور ڈورٹمنڈ کے مرکزی ٹرین اسٹیشنوں کے بعد ہینوور کا مرکزی ریلوے اسٹیشن 715 جرائم کے ساتھ تیسرے اور کولون شہر کا مرکزی ریلوے اسٹیشن ایسے 703 جرائم کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
تمام جرمن ریلوے اسٹیشنوں پر ایسے جرائم کی مجموعی تعداد
وفاقی جرمن پولیس کے مطابق گزشتہ برس ملک کے تمام ایسے ریلوے اسٹیشنوں پر، جن کی حفاظت اور سکیورٹی کی ذمے داری قانوناﹰ فیڈرل پولیس کی عمل داری میں آتی ہے، پرتشدد جرائم کی مجموعی تعداد 27,160 رہی، جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ 1500 زیادہ تھی۔
2023ء میں جرمن ریلوے اسٹیشنوں کی حدود میں مجموعی طور پر 25,640 پرتشدد جرائم ریکارڈ کیے گئے تھے۔
جرمن ٹرین کے ٹائلٹ میں پستول، سینکڑوں مسافر اتار لیے گئے
جرمنی میں تین روزہ ہڑتال کے بعد ریلوے نظام دوبارہ معمول پر
اس کے علاوہ جنسی نوعیت کے جرائم کی تعداد بھی 2023ء میں 1,898 سے بڑھ کر گزشتہ برس 2,262 ہو گئی۔
اسی طرح ایسے جرائم، جن میں مختلف املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ان کی تعداد بھی 2023ء میں 30,961 سے بڑھ کر 2024ء میں 32,671 ہو گئی۔
منشیات سے متعلقہ جرائم
وفاقی جرمن پولیس کے مطابق پچھلے برس جرمنی میں منشیات سے متعلقہ جرائم کے کُل 10,174 مقدمات درج کیے گئے، جو اس سے ایک برس پہلے کے مقابلے میں واضح طور پر کم تھے۔
2023ء میں ایسے ڈرگ کیسز کی تعداد 18,382 رہی تھی۔ پولیس حکام کی طرف سے ایسے جرائم کی سالانہ تعداد میں واضح کمی کی کوئی خاص وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
ایک ممکنہ وجہ شاید یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جرمنی میں، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، گزشتہ برس اپریل کے مہینے سے محدود اور ذاتی استعمال کے لیے گانجے کی خریداری کی حیثیت قانونی ہو چکی ہے۔
برلن سے براستہ برسلز پیرس تک نائٹ ٹرین سروس برسوں بعد بحال
لیکن یہ اعداد و شمار ان واقعات کے ہیں، جن میں پولیس نے باقاعدہ کارروائی کی، اس لیے پولیس کو رپورٹ نہ کیے گئے ممکنہ جرائم کی تعداد بھی کافی ہو سکتی ہے۔
م م / م ا (ڈی پی اے، دی ویلٹ)