جان ٹیری پر نسل پرستی کا مقدمہ، یورو کپ 2012ء کے بعد
1 فروری 2012انگلش کلب چیلسی کی نمائندگی کرنے والے اسٹار فٹ بالر جان ٹیری پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران اپنے حریف کھلاڑی اینٹون فیرڈیننڈ کے خلاف نسل پرستانہ جملے استعمال کیے تھے۔
بدھ کو لندن میں واقع ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ کے اعلان کے مطابق جان ٹیری کے خلاف مقدمے کی کارروائی یورو کپ 2012ء کے بعد جولائی میں شروع کی جائے گی۔ اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس اہم یورپی ٹورنامنٹ میں جان ٹیری انگلش ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جان ٹیری بدھ کو ہونے والی عدالتی کارروائی میں شریک نہ تھے۔
جان ٹیری کا دفاع کرنے والی قانونی فرم Grosvenor Law LLP نے کہا ہے، ’اب عدالت نے مقدمے کی تاریخ طے کر دی ہے اور اب مسٹر ٹیری کے پاس موقع ہے کہ وہ خود پر الزامات کو جھوٹا ثابت کر دیں۔‘ اس فرم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جان ٹیری نے اپنے کیریئر کے دوران کبھی بھی کسی کھلاڑی کے خلاف نسل پرستانہ ریمارکس نہیں دیے ہیں۔
اگر جان ٹیری پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں ڈھائی ہزار پونڈ کے جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اگرچہ یہ سزا کوئی بڑی نہیں ہے تاہم اس سزا کی صورت میں ان کی مقبولیت میں کمی واقع ہو سکتی ہے اور ساتھ ہی ان کے اسپانسرز بھی منہ موڑ سکتے ہیں۔
فٹ بال کے کھیل پر نظر رکھنے والے ماہرین کے بقول ٹیری پر نسل پرستانہ الزامات کے ثابت ہونے کے نتیجے میں چیلسی کلب کے کھلاڑی بھی ان سے بد ظن ہو سکتے ہیں۔ اس وقت چیلسی کلب نے اپنے کپتان جان ٹیری کی بھرپور حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شامل شمس