بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے، یونیسیف
2 جنوری 2025یونیسف کا کہنا ہے کہ نئے سال کے موقع پر سِسلی کے جزیرے لامپا ڈوسا میں پیش آنے والے حادثے میں زندہ بچ جانے والے سات افراد میں ایک آٹھ سالہ بچی بھی شامل ہے، جس کی ماں لاپتہ افراد میں شامل ہے۔
یونیسیف کے مطابق گزشتہ ماہ لامپا ڈوسا کے قریب سمندر میں تیرتی ایک گیارہ سالہ لڑکی کو بچایا گیا تھا، جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ تیونس کے شہر صفاقس سے روانہ ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں زندہ بچ جانے والی واحد بچی تھی۔ اس کشتی میں تقریبا 45 افراد سوار تھے۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن کے اعدادوشمار کے مطابق سن 2024 میں مختلف حادثات کا شکار ہو کر کم ازکم 2275 تارکین وطن لاپتا ہوئے۔ یوں سن 2014 سے اب تک ان لاپتا افراد کی مجموعی تعداد 31180 ہو گئی ہے۔
انسانی اسمگلنگ، یونان میں ایک اور پاکستانی ہلاک
اٹلی میں کشتی کے ملبے سے چھ تارکین وطن کی لاشیں برآمد
خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے 24,466 افراد وسطی بحیرہ روم کے آبی راستوں میں رونما ہونے والے حادثات کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔
لیبیا اور تیونس کے اسمگلرز ایسے امید شکن اور انتہائی مایوس لوگوں کو اٹلی لے جانے کے لیے ان خطرناک راستوں کا استعمال کرتے ہیں، جو یورپ جانے کی خاطر جان کی بازی لگانے کے لیے بھی تیار ہوتے ہیں۔
یونیسیف نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ پناہ گزینوں سے متعلق بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں اور بالخصوص بچوں کے تحفظ کو ترجیح دیں۔
اطالوی وزیر اعظم جورجا میلونی کی قیادت میں اٹلی نے انسانوں کی اسمگلنگ کی کارروائیوں کو روکنے کی خاطر سخت کارروائی اور اٹلی پہنچ جانے والے پناہ گزینوں کی درخواستوں پر کارروائی کے لیے البانیا میں پراسسنگ سینٹر کھولنے کی دھمکی دی ہے۔
وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق سن 2024 میں کم از کم 66 ہزار 317 تارکین وطن کشتیوں کے ذریعے اٹلی پہنچے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہیں۔