بنڈس لیگا، ہیمبرگ کولون کے خلاف فتح یاب
13 فروری 2012میچ کا واحد گول ہیمبرگ کے کھلاڑی پاؤلو گوریرو نے میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل کیا۔ پیرو سے تعلق رکھنے والے گوریرو کے اس گول سے قبل دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملے کیے مگر کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ اس فتح کے بعد اب ہیمبرگ کی ٹیم لیگ ٹیبل پر 10 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، جبکہ کولون کی پوزیشن اب پوائنٹس ٹیبل پر 12 ویں ہے۔
اس سے قبل نیورمبرگ اور آؤگسبرگ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ برابر رہا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ اس وقت نیورمبرگ کی ٹیم لیگ میں 14 ویں جبکہ آؤگسبرگ کی ٹیم 17 ویں پوزیشن پر ہے۔
21 میچ ڈے کے اختتام پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ 46 پوائنٹس کے ساتھ لیگ کی ٹاپ ٹیم ہے۔ دوسرے نمبر پر بائرن میونخ ہے جس کے 44 پوائنٹس ہیں جبکہ 43 پوائنٹس کے ساتھ مؤنشن گلاڈ باخ تیسری پوزیشن پر ہے۔ چوتھی پوزیشن پر شالکے کی ٹیم ہے، جس کے 41 پوائنٹس ہیں۔ ویردر بریمن اور لیورکوزن کی ٹیمیں 33 اور 31 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں۔ پہلی تین ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کے کم فرق کی وجہ سے اگلے میچ ڈے کو خاص اہمیت حاصل ہے، کیونکہ ان ٹیموں میں سے کسی ٹیم کی شکست کی صورت میں اس رینکنگ میں تبدیلیاں یقینی ہیں۔
اس میچ ڈے کے اختتام پر اب تک لیگ میں بائرن میونخ کے گومیز ٹاپ اسکورر ہیں۔ انہوں نے اس سیزن میں اب تک کھیلے گئے 21 میچوں میں 18 گول کیے ہیں۔ شالکے کے ہنٹیلار 16 گول کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔ بریمن کے پیسیرو اور کولون کے لوکاس پوڈولسکی نے پندرہ پندرہ گول کر کے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے جبکہ ڈورٹمنڈ کے لیوانڈوسکی 14 گول کر کے چوتھی پوزیشن پر فائز ہیں۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: عاطف بلوچ