بنڈس لیگا کے نشریاتی حقوق کی فروخت
15 اکتوبر 2013بنڈس لیگا یا جرمن فیڈرل فٹ بال کے میچوں کو نشر کرنے کے حقوق ’سکائی ڈوئچلینڈ‘ کے پاس بھی ہیں۔ تاہم ’ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس‘ اور جرمن فٹ بال لیگ (ڈی ایف ایل) کے مابین ہونے والی اس ڈیل کے نتیجے میں اب بنڈس لیگا کے میچوں سے لطف اندوز ہونے والے ناظرین کی تعداد میں بے انتہا اضافہ ہو جائے گا۔ ناقدین کے بقول ڈی ایف ایل کی کوشش ہے کہ بنڈس لیگا کو بھی اتنے زیادہ ناظرین دیکھیں جتنا کہ انگلش یا ہسپانوی لیگ کو دیکھتے ہیں۔
’ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس‘ کا ارادہ ہے کہ اب جرمنی میں ہونے والے فٹ بال مقابلوں کو شمالی اور جنوبی امریکا، ایشیا اور دیگر ممالک میں بھی نشر کیا جائے۔ اس ڈیل کے تحت بنڈس لیگا کے میچ دو سال کے لیے اٹلی، بیلجیم اور ہالینڈ میں بھی نشر کیے جا سکیں گے۔ بنڈس لیگا کے سیزن 2015/16 سے اس معاہدے پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
نہ تو ڈی ایف ایل اور نہ ہی ’ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس‘ نے اس بارے میں کوئی تفصیل فراہم کی ہے کہ یہ ڈیل کتنی مالیت کے تحت طے کی گئی ہے۔ اس اہم پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے جرمن فٹ بال لیگ کے چیف ایگزیکٹو کرسٹیان زائفرٹ نے کہا ہے کہ عالمی پارٹنرز کے ساتھ کام کرنے کے نتیجے میں نہ صرف جرمن فٹ بال کو نئے مواقع ملیں گے بلکہ اس سے جڑے بزنس میں بھی ترقی پیدا ہو گی۔
اس ڈیل کو اہم قرار دیتے ہوئے ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فوکس کے چیئرمین جیمز مرڈوک نے کہا ہے کہ وہ ڈی ایف ایل کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں کیونکہ اس سے نہ صرف بنڈس لیگا کو ناظرین کی ایک بڑی تعداد ملے گی بلکہ ساتھ ہی ان کے اسپورٹس چینلز میں بنڈس لیگا کے میچ نشر کرنے سے ایک ورائٹی پیدا ہو گی۔ یہ امر اہم ہے کہ جرمن فٹ بال لیگ کی کوشش ہے کہ جرمنی میں منعقد کیےجانے والے مقابلوں کو عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ دیکھا جائے۔ اس سلسلے میں ڈی ایف ایل کو پہلے بھی کئی کامیابیاں حاصل ہو چکی ہیں۔