بنڈس لیگا، پہلے ہی میچ میں اوبامیانگ کی ہیٹ ٹرک
11 اگست 2013بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے14/2013 کے سیزن کے پہلے میچ ڈے کے دوسرے دن ڈورٹمنڈ کے اسٹرائیکر پیئر ایمرک اوبامیانگ نے بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے گئے اپنے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کر نے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ جمعے کے دن کھیلے گئے اس میچ میں ڈورٹمنڈ نے آؤگسبرگ کو چار صفر سے مات دی۔
اوبامیانگ ابھی حال ہی میں چودہ ملین یورو کی ایک ڈیل کے تحت ڈورٹمنڈ کا حصہ بنے تھے۔ اس سے قبل وہ فرانسیسی کلب سانٹ اینٹین (Saint-Étienne) کے لیے کھیل رہے تھے۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے کہ انہوں نے بنڈس لیگا کے لیے لگائی گئی اپنی پہلی ہی کک پر گول کیا۔ وہ بنڈس لیگا کھیلنے والے گبون کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ ژورگن کلاپ نے کہا، ’’ہم نے بہترین گول کیے اور ایک شاندار انداز میں میچ ختم کیا،‘‘ انہوں نے اوبامیانگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے اس بات پر کوئی حیرت نہیں کہ وہ کیا کیا کچھ کر سکتا ہے تاہم یہ حیرت ضرور ہے کہ تمام بولز گول پوسٹ میں گئیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت اچھا آغاز ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں بنڈس لیگا لیول ٹو سے لیول ون میں جگہ بنانے والی برلن کی ٹیم نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور اپنی حریف ٹیم فرینکفرٹ کو پچھاڑ دیا۔ اس میچ میں برلن کے کھلاڑیوں نے پر اعتماد انداز کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹ بال پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور چھ گول کیے۔ فرینکفرٹ کی ٹیم صرف ایک ہی گول کر سکی۔
برلن کے کوچ جوس لوہوکائے نے میچ کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک سنسی خیز کارکردگی تھی۔۔۔ یہ خوش کن بات ہے کہ ہم نے پہلے میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی تین پوائنٹ حاصل کر لیے ہیں۔ ہم اپنے کھیل میں مزید بہتری پیدا کر سکتے ہیں۔ ٹیم نے اچھا آغاز کیا ہے اور یہ سب کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔‘‘
بنڈس لیگا میچ ڈے ون کے دوسرے دن لیور کوزن نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ، ہینوور نے وولفس برگ کو دو صفر سے جب کہ بریمن نے براؤن شوائیک کی ٹیم کو ایک صفر سے مات دی۔ ہوفن ہائم اور نیورمبرگ کے مابین میچ دو دو گول سے برابر رہا۔
آج بنڈس لیگا کے میچ ڈے ون کے تیسرے اور آخری دن اشٹٹ گارٹ اور مائینز جب کہ شالکے اور ہیمبرگ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔ جمعے کے دن رواں سیزن کے افتتاحی میچ میں دافعی چیمپئن بائرن میونخ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔