بنڈس لیگا، لیور کوزن کی تاریخی جیت
29 اکتوبر 2012بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے نویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن مجموعی طور پر تین میچ کھیلے گئے۔ لیور کوزن نے میونخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، مؤنشن گلاڈ باخ نے ہینوور کو تین دو سے مات دی جبکہ ایک سخت مقابلے کے بعد اشٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا۔
لیور کوزن سے تئیس برس بعد شکست کھانے کے بعد میونخ ٹیم کے کوچ Jupp Heynckes نے کہا، ’’یہ شکست یقینی طور پر ہمیں ٹورنامنٹ سے باہر تو نہیں کرے گی لیکن ہمیں اس شکست سے سبق سیکھنا ہو گا۔‘‘ لیور کوزن نے آخری مرتبہ دیوار برلن کے انہدام سے تین ہفتے قبل اکیس اکتوبر1989ء میں میونخ کو ہرایا تھا۔ اس’اپ سیٹ‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے Heynckes نے مزید کہا کہ میونخ نے دوسرے ہاف میں جس کھیل کا مظاہرہ کیا، ویسا پورے میچ میں کرنا چاہیے تھا۔
میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلا گول لیور کوزن کے اسٹرائیکر اشٹیفان کیسلنگ نے کیا۔ دوسرے ہاف میں Mario Mandzukic نے گول کر کے میچ برابر کر دیا تاہم 86 ویں منٹ میں میونخ کے دفاعی کھلاڑی جیروم بوآٹنگ نے لیور کوزن کے کھلاڑی سیڈنے سام کی طرف سے لگائے گئے ایک ہیڈ کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے فٹ بال اپنے ہی گول پوسٹ میں ڈال دیا۔
اس میچ میں ناکامی کے باوجود میونخ اس وقت لیگ ٹیبل پر چوبیس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بیس پوائنٹس کے ساتھ شالکے کی ٹیم دوسرے جبکہ اشٹٹ گارٹ سے شکست کھانے کے بعد بھی فرینکفرٹ کی ٹیم انیس پوئنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اتوار کے دن ہی فرینکفرٹ اور اشٹٹ گارٹ کے مابین کھیلا گیا میچ 84 ویں منٹ تک ایک ایک گول سے برابر تھا تاہم اشٹٹ گارٹ کے اسٹرائیکرVedad Ibisevic نے کھیل کے اواخر میں ایک انتہائی شاندار ہیڈ کے ذریعے اپنی ٹیم کو حتمی برتری دلوا دی۔ اسی طرح مؤنشن گلاڈ باخ اور ہینوور کے مابین کھیلا گیا میچ بھی ڈرامے سے بھر پور تھا۔ اس میچ میں ہینوور نے پہلے دو گول کیے تاہم مؤنشن گلاڈ باخ کے کھلاڑیوں نے بعد ازاں صرف 9 منٹ کے دوران تین گول کر کے اپنی حریف ٹیم کو حیران کر دیا۔
( ab /ai (AFP