بنڈس لیگا: شالکے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب
29 اپریل 2012بنڈس لیگا کے سیکنڈ لاسٹ میچ ڈے میں چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ نے تنزلی کا سامنا کرنے والی ٹیم کائزرز لاؤٹرن کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔ وقفے پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت رہی تھی۔ دوسری پوزیشن کی حامل بائرن میونخ کی ٹیم نے اشٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ بائرن میونخ کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کے دوران یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں مشہور ہسپانوی فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔ چیمپئنز لیگ کا یہ فائنل جرمن شہر میونخ میں انیس مئی کو کھیلا جائے گا۔
جرمن بنڈس لیگا میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی شالکے کی ٹیم نے ساتھ ہی آئندہ چیمپئنز لیگ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ کوالیفائی کرنے والی دیگر دو ٹیموں میں سے ایک ڈورٹمنڈ اور دوسری بائرن میونخ کی ٹیم ہے۔ ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد 78 ہے۔ دوسرے مقام کی ٹیم بائرن میونخ کے پوائنٹس 70 ہیں جب کہ شالکے کے پوائنٹس کی تعداد 61 ہے۔ چوتھے نمبر پر مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم ہے۔ ہفتے کے روز شالکے کلب نے تنزلی کا سامنا کرنے والے کلب ہیرتھا برلن کو چار گول سے ہرایا۔
جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ کے ضوابط کے تحت بنڈس لیگا کے درجہ اول میں سب سے نچلی پوزیشن حاصل کرنے والی تین ٹیموں کو درجہ دوم میں دھکیل دیا جاتا ہے۔ اگلے ماہ مکمل ہونے والے بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اب تک دو ٹیموں کی تنزلی یقینی ہے۔ ان میں سے ایک کائزرز لاؤٹرن کی ٹیم ہے اور دوسرا برلن شہر کا کلب ہیرتھا۔ تیسری ٹیم کولون یا آؤگس برگ میں سے کوئی ایک ہو گی۔ یہ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیل کر اس بات کا تعین کریں گی کہ ان میں سے بنڈس لیگا کے دوسرے درجے میں کون جائے گا۔
بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول کی تین ٹاپ ٹیموں کو یہ اعزاز دیا جاتا ہے کہ وہ قومی چیمپئن شپ میں شریک ہوں۔ اس مرتبہ فرینکفرٹ کی آئنتراخت (Eintracht Frankfurt) فٹ بال کلب کے ساتھ ساتھ گروئتھر فیورتھ (Greuther Fürth) کی ٹیم بھی ٹاپ لیول کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ پہلے درجے میں آنے کے لیے تیسری ٹیم کے طور پر فورٹیونا ڈسلڈورف (Fortuna Düsseldorf) اور ہیمبرگ کی ٹیم سینٹ پاؤلی کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ جو بھی ٹیم آخری دو میچ ڈیز میں کامیابیاں سمیٹے گی، وہی فرسٹ لیول کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔
بنڈس لیگا میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں ولندیزی پروفیشنل فٹ بالر کلاس ژان ہُنٹے لار (Klaas-Jan Huntelaar) ستائیس گول کر کے ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔ بنڈس لیگا میں وہ شالکے کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں بھی ہُنٹے لار نے دو گول کیے۔ بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کے ماریو گومیز سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ماریو گومیز کا تعلق جرمنی سے ہے۔ ان کے گول چھبیس ہیں۔ ڈورٹمنڈ کے پولستانی فارورڈ کھلاڑی رابرٹ لیواندوفسکی (Robert Lewandowski) بیس گول کر کے تیسرے مقام پر ہیں۔
ah/mm (AP, AFP)