بنڈس لیگا: رواں سیزن میں ہوفن ہائم کی پہلی فتح
24 ستمبر 2012بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو تین مقابلے ہوئے۔ پہلا میچ لیورکوزن اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان تھا، جو ایک ایک گول سے بے نتیجہ رہا۔ بریمن اور شٹٹ گارٹ کے درمیان ہونے والا میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا۔
ان کے برعکس میچ ڈے کا آخری مقابلہ نتیجہ خیز رہا۔ اس میں ہوفن ہائم نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
رواں سیزن میں ہوفن ہائم کی یہ پہلی جیت ہے۔ قبل ازیں وہ اپنے تینوں میچ ہار چکی ہے۔ اس جیت کے ساتھ اسے تین پوائنٹس مل گئے ہیں اور ٹیبل پر اسے سولہویں پوزیشن بھی مل گئی ہے۔
لیور کوزن، مؤنشن گلاڈ باخ، شٹٹ گارٹ اور بریمن کو بے نتیجہ مقابلوں کی وجہ سے ایک ایک پوائنٹ ہی مل سکا، جس کی وجہ سے ان چاروں ٹیموں نے اس ہفتے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشنیں بہتر بنانے کے مواقع کھو دیے۔
اس وقت مؤنشن گلاڈ باخ کے پوائنٹس پانچ ہے اور ٹیبل پر اس کی پوزیشن نوویں ہیں۔ یہ ٹیم اتوار کا میچ جیت کر کم از کم دو درجے اوپر جا سکتی تھی۔
اسی طرح لیور کوزن کے پوائنٹس چار ہوگئے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن تیرہویں ہے۔ میچ جیتنے کی صورت میں یہ ٹیم کم از کم آٹھویں پوزیشن پر پہنچ جاتی۔
شٹٹ گارٹ کی ٹیم رواں سیزن میں اپنا کوئی ایک بھی میچ نہیں جیت پائی۔ اب تک ہونے والے چار مقابلوں میں سے دو میں اسے مات ہوئی ہے جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔ اس طرح اسے صرف دو پوائنٹس حاصل ہیں اور ٹیبل پر اس کی پوزیشن سترہویں ہے۔ بریمن کے خلاف فتح سے یہ ٹیم کم از کم پندرہویں پوزیشن پر پہنچ جاتی۔
بریمن کی ٹیم اس وقت چار پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں نمبر پر ہے۔ اتوار کے میچ کے بعد ملنے والے ایک پوائنٹ سے یہ ٹیم کافی اُوپر آ گئی ہے۔ تاہم یہ میچ جیتنے کی صورت میں یہ کم از کم آٹھویں پوزیشن پر پہنچ جاتی۔
چوتھے میچ ڈے میں پوائنٹس ٹیبل پر نمبر وَن کی پوزیشن دو مرتبہ تبدیل ہوئی ہے اور اس وقت بارہ پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ کی ٹیم کو یہ پوزیشن حاصل ہے، جو اسے ہفتے کو شالکے خلاف فتح سے حاصل ہوئی تھی۔
قبل ازیں جمعے کو نیورمبرگ کے خلاف کامیابی سے یہ پوزیشن آئنتراخت فرینکفرٹ کو مل گئی تھی، جو اس وقت بارہ پوائنٹس لیکن کم تر گول اوسط کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے۔
N. Gill / M. Malik