بنڈس لیگا: جیت گروئتھر فیورتھ کے کام نہ آ سکی
22 اپریل 2013تاہم اس جیت کے باوجود گروئتھر فیورتھ کی بنڈس لیگا ون پوائنٹس ٹیبل پر اٹھارویں اور آخری پوزیشن میں کوئی فرق نہیں پڑا اور یہ بدستور بنڈس لیگا ٹو میں دھکیل دیے جانے کے خطرے سے دو چار ہے۔
دوسری طرف بنڈس لیگا ٹو کے سلسلے میں اتوار ہی کے روز کھیلے گئے میچ میں ہیرتھا برلن نے زانڈہاؤزن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اگلے سیزن میں بنڈس لیگا ون میں شمولیت یقینی بنا لی ہے۔
اتوار کے روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں اشٹٹ گارٹ نے فرائی برگ کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ محض چار روز قبل بھی اشٹٹ گارٹ نے فرائی برگ کو دو صفر سے ہی شکست دے کر جرمن کپ کے فائنل میں پہنچنے کی اپنی راہ ہموار کی تھی۔ یکم جون کو برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں ہونے والے جرمن کپ کے فائنل میں اشٹٹ گارٹ کا مقابلہ بائرن میونخ کے ساتھ ہوگا۔
30ویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعہ 19 اپریل کو کھیلے گئے واحد میچ میں مؤنشن گلاڈباخ نے آؤگسبرگ کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔ ہفتے کے روز چھ میچز کھیلے گئے۔ بائرلیورکوزن نے ہوفن ہائیم کو پانچ صفر کے بڑے مارجن سے ہرایا۔ ہینوور کو بائرن میونخ سے ایک کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست ہوئی جبکہ ہیمبرگ نے ڈوسلڈورف کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے ہرایا۔ ہفتے ہی کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں بوروسیا ڈورٹمند کے ہاتھوں مائنز کو دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ وولفس برگ نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی اور فرینکفرٹ نے شالکے کو ایک صفر سے مات دی۔
بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل
بنڈس لیگا کا 30واں میچ ڈے مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی پہلی دس پوزیشنوں کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ سرفہرست ٹیم بدستور بائرن میونخ ہے جو 81 پوائنٹس کے ساتھ اپنے قریب ترین حریف بوروسیا ڈورٹمنڈ سے 20 پوائنٹس آگے ہے۔ دوسرے نمبر پر موجود ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 61 ہیں۔
تیسری پوزیشن پر بائر لیور کوزن کی ٹیم براجمان ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 53 ہے۔ شالکے 46 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی نمبر پر ہے۔ جبکہ فرائی برگ اور فرینکفرٹ کی ٹیمیں 45، 45 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح مؤنشن گلاڈ باخ اور ہیمبرگ کی ٹیمیں 44، 44 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں۔ مائنز اور اشٹٹ گارٹ کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر نویں اور دسویں نمبر پر ہیں اور دونوں کے پوائنٹس 39،39 ہیں۔
رپورٹ: افسر اعوانAFP/
ادارت: شادی خان سیف