بنڈس لیگا: بائرن میونخ کے باعث ہیمبرگ کو تنزلی کا خطرہ
4 مئی 2014بنڈس لیگا کے رواں سیزن کی پہلے سے فاتح ٹیم بائرن میونخ نے میزبان ہیمبرگ کو اس بھاری فرق سے شکست دے کر پہلی مرتبہ تنزلی کے خطرے کا شکار کر دیا ہے۔ رواں سیزن میں اب تک کھیلے جانے والے میچوں میں ہیمرگ کو 20 میں شکست ہوئی ہے اور اس کے پوائنٹس صرف 27 ہیں۔ ہیمبرگ کی ٹیم اس شکست کے بعد لیگ میں 16 پوازیشن پر پہنچ گئی ہے جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر وہ 17ویں نمبر پر موجود ٹیم نیورمبرگ سے ایک اور 18ویں نمبر کی ٹیم براؤن شوائیگ سے دو پوائنٹس کی برتری کی حامل ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں اگلے ہفتے رواں سیزن کے آخری میچ ڈے پر تنزلی کے بعد بنڈس لیگا ٹو میں جا پہنچیں گی۔
اب بظاہر ہیمبرگ کو بنڈس لیگا ٹو کے رواں سیزن میں تیسرے نمبر پر آنے والے ٹیم کے ساتھ پلے آف کھیلنا پڑے گا اور اس مقابلے میں فتح کے بعد ہی سابقہ یورپین چیمپیئن ہیمبرگ بنڈس لیگا ون میں اپنی جگہ برقرار رکھ سکتی ہے۔
گزشتہ منگل کے روز چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں ریئل میڈرڈ سے چار صفر سے شکست کھانے والی بائرن میونخ کی ٹیم نے ہیمبرگ کے خلاف زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 17مئی کو بائرن میونخ جرمن کپ کے فائنل میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔
ہفتے کے روز بائرن میونخ نے ہیمبرگ کے خلاف پہلا گول کھیل کے 32 ویں منٹ میں کیا۔ کھیل کے 55 ویں منٹ میں بائرن میونخ نے میزبان ہیمبرگ کے خلاف ایک اور گول کر کے اپنی برتری مزید مضبوط کر دی۔ کھیل کے 69 ویں منٹ میں یہ برتری اس وقت اور مضبوط ہو گئی، جب بائرن میونخ کی طرف سے ماریو گوئٹسے نے اپنا دوسرا اور اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کر دیا۔ ہیمبرگ کی جانب سے کھیل کے 72 ویں منٹ میں ایک گول کیا گیا، تاہم اس کے تین ہی منٹ بعد بائرن میونخ کی طرف سے کلاؤڈیو پیزارو (Claudio Pizarro) نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں ہینوور نے نیورمبرگ کو دو صفر، ڈورٹمنڈ نے ہوفن ہائم کو تین دو، آؤگسبرگ نے براؤن شوائیگ کو ایک صفر اور لیورکوزن نے فرینکفرٹ کو دو صفر سے ہرایا۔ اس کے علاوہ میونشن گلاڈباخ نے مائنز کو تین ایک سے شکست دی جب کہ شالکے نے فرائی برگ کو دو صفر سے ہرا دیا۔