بنڈس لیگا: بائرن میونخ نے موقع کھو دیا
12 اپریل 2012بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں چیمپئن شپ کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ اہم قرار دیا جا رہا تھا، جو ڈورٹمنڈ نے صفر کےمقابلے میں ایک گول سے جیتا ہے۔
کھیل کے آخری لمحوں میں میونخ کی ٹیم کو ایک پینلٹی ملی تھی جو اس کے کھلاڑی آرین روبن نے کھو دی۔ یوں یہ ٹیم پہلی پوزیشن سے مزید دُور چلی گئی ہے۔ یہ میچ جیت کر بائرن اپنے پوائنٹس ڈورٹمنڈ کے برابر کر سکتی تھی۔
ڈورٹمنڈ کی جانب سے کھیل کا واحد گول رابرٹ لیوانڈوسکی نے 77ویں منٹ میں کیا۔ رواں سیزن میں ان کی جانب سے یہ بیسواں گول تھا۔
رواں سیزن کے ابھی چار میچ ڈے باقی ہیں اور اس سے قبل ہی ڈورٹمنڈ اور میونخ کے درمیان پوائنٹس کا فرق چھ ہو گیا ہے۔ یعنی پہلی پوزیشن پر ڈورٹمنڈ کی گرفت کافی مضبوط ہے۔
بدھ کو تیسویں میچ ڈے کے آخری روز کھیلے گئے دیگر میچز میں لیورکوزن نے کائزرزلاؤٹرن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ ہینوور نے وولفس برگ کو دو صفر سے مات دی۔ نیورمبرگ نے شالکے کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ ہوفن ہائیم نے ہیمبرگ کو چار صفر سے پچھاڑا۔
قبل ازیں منگل کو اس میچ ڈے کے پہلے روز شٹٹ گارٹ نے آؤگس برگ کو ایک تین سے شکست دی۔ مائنز نے کولون کو چار صفر سے پچھاڑا۔ بریمن اور مؤنشن گلاڈ باخ کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ فرائی برگ نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔
خیال رہے کہ عام طور پر ہر ہفتے بنڈس لیگا کا ایک ہی میچ ڈے ہوتا ہے، جو جمعے کو شروع ہوتا ہے اور اتوار کو ختم ہو جاتا ہے۔ تاہم اس ہفتے دو میچ ڈے ہو رہے ہیں۔ اکتیسواں میچ ڈے اب ویک اینڈ پر ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل:
تیسویں میچ ڈے کے اختتام پر بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سے دسویں تک بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، شالکے، مؤنشن گلاڈ باخ، شٹٹ گارٹ، لیور کوزن، ہینوور، بریمن، ہوفن ہائیم اور وولفس برگ ہیں۔
گیارہویں سے اٹھارہویں پوزیشن پر بالترتیب مائنز، نیوریمبرگ، فرائی برگ، ہیمبرگ، آؤگس برگ، کولون، ہیرتھا برلن اور کائزرزلاؤٹرن ہیں۔
اس ہفتے ہینوور اور ہوفن ہائیم پوائنٹس ٹیبل پر اُوپر گئی ہیں جبکہ وولفس برگ اور بریمن نیچے آئی ہیں۔
ng/aba (AP, dpa)