بنڈس لیگا، بائرن میونخ بدستور ناقابل شکست
16 فروری 2014جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ یعنی بنڈس لیگا کے سال 2013/14 کے سیزن کے سلسلے میں اکیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن میونخ نے فرائی برگ کی ٹیم کو چار صفر سے مات دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا لی ہے۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد اب 59 ہو گئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ میونخ کی ٹیم مسلسل چھیالیس میچ کھیلنے کے بعد ابھی تک ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ٹیم لیورکوزن کی ہے، جس کے پوائنٹس کی تعداد 43 ہے۔ ہفتے کے دن لیور کوزن کی ٹیم شالکے سے شکست کھا گئی۔ شالکے نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے اپنے نام کیا۔ یوں شالکے کی ٹیم چالیس پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔
اس وقت گزشتہ برس کی رنر اپ ٹیم ڈورٹمنڈ لیگ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے ہفتے کے دن فرینکفرٹ کی ٹیم کو چار صفر سے مات دی۔ بعد ازاں کوچ ژرگن کلاپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک شاندار میچ تھا اور ہمارے کھلاڑیوں نے مضبوط دماغی قوت کا مظاہرہ کیا۔‘‘ کلاپ نے اپنے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا، ’’تمام گول مناسب وقت پر کیے گئے۔ اس سے بہتر کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔‘‘
ہفتے کے دن کھیلے گئے دیگر میچوں میں ہوفن ہائم نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ اور بریمن کے مابین مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
اکیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن سب سے اہم میچ ہیمبرگ اور براؤن شوائگ کے مابین کھیلا گیا۔ یہ دونوں ٹیمیں فی الحال لیگ ٹیبل پر بالترتیب سترہویں اور اٹھارہویں نمبر پر ہیں اور ان دونوں کو ہی تنزلی کا سامنا ہے۔ ہیمبرگ کے پوائنٹس سولہ ہیں جبکہ براؤن شوائگ کے پندرہ۔
آج بروز اتوار اکیسویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن مجموعی طور پر دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں آؤگسبرگ اور نیورمبرگ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ دوسرے میں وولفسبرگ اور ہیرتھا برلن کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ اس میچ ڈے کے پہلے دن بروز جمعہ صرف ایک میچ کھیلا گیا تھا، جس میں مائنز نے ہینوور کو دو صفر سے ہرا دیا تھا