بنڈس لیگا: 23 ویں میچ ڈے کے مقابلوں کا احوال
26 فروری 2012گزشتہ برس کی رنرز اپ ٹیم لیورکوزن اس فتح سے قبل خاصی دباؤ کا شکار تھی۔ وہ اپنے گزشتہ سات میں سے محض دو مقابلے جیت سکی تھی۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بارسلونا کے مقابلے میں ایک کے مقابلے میں تین گول کی شکست بھی لیور کوزن کے لیے خاصی تکلیف دہ تھی، جس بناء پر وہ چیمپیئنز لیگ سے باہر ہوچکا ہے۔ ان سب کے بعد گزشتہ شب کولون کے خلاف جیت نے اس کلب کے کھلاڑیوں کا حوصلہ خاصا بلند کیا ہے۔
لیور کوزن کی جانب سے دونوں گول لارس بینڈر نے کیے۔ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے اس مڈ فیلڈر نے پہلا گول مقابلے کے 16 ویں منٹ میں اور دوسرا گول دوسرے ہاف کے افتتاحی لمحات میں کیا۔ کولون کی ٹیم میں ان کے ٹاپ اسکورر لوکاس پوڈولسکی کی واپسی کے باوجود پھرتی نظر نہیں آئی اور کھیل پر بڑی حد تک لیور کوزن کے کھلاڑی ہی چھائے رہے۔
دن کے دوسرے مقابلے میں نیورمبرگ کی ٹیم نے غیر متوقع طور پر بریمن کو شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے لیے الیگزینڈر ایسوائن نے 65 ویں منٹ میں گول کیا۔ اس جیت کے بعد نیورمبرگ کی ٹیم دسویں نمبر پر آگئی جبکہ بریمن کی ٹیم گزشتہ دو ماہ میں فتح سے محرومی کے سبب ابھی تک چھٹے مقام پر ہی ساکت ہے۔ ادہر آؤگس برگ کی ٹیم نے برلن کو صفر کے مقابلے میں تین کے واضح فرق سے مات دی۔ آؤگس برگ کے لیے ٹورسٹین ایہر نے دو گول کیے۔
بنڈس لیگا کے سلسلے میں مائنز اور کائزر لاؤٹرن کا مقابلہ یکطرفہ رہا، جس میں مائنز کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں چار گولوں سے فتح پائی۔ اس جیت کی مدد سے مائنز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر ترقی کرتے ہوئے 11 ویں درجے پر آگئی ہے۔ اشٹٹ گارٹ نے بھی فرائی برگ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک کے مقابلے میں چار گولوں سے فتح پائی۔
اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ گزشتہ روز ہیمبرگ کو نہ ہراسکی اور مقابلہ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر ختم ہوا۔ اس طرح اب پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم 49 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ مؤنشن گلاڈ باخ 47 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بائرن میونخ کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عدنان اسحاق