بنڈس لیگا، 22 واں میچ ڈے مکمل
20 فروری 2012بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے سلسلے میں اتوار کو کھیلے گئے ایک اہم میچ میں کلاس ژاں ہُنٹیلار کے دو عمدہ گولوں کی بدولت شالکے نے وولفس برگ کو آسانی سے ہرا دیا۔ ان دو گولوں کے ساتھ ہی بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن کلاس ژاں ہُنٹیلار کے انفرادی گولوں کی تعداد اٹھارہ ہو گئی ہے۔ بائرن میونخ کے ماریو گومیز نے بھی رواں سیزن میں انفرادی طور پر اٹھارہ گول کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر براجمان شالکے کی ٹیم نے وولفس برگ کے خلاف عمدہ کھیل پیش کیا اور وولفس برگ کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔ اس میچ کے بعد شالکے کے پوائنٹس 44 ہو گئے ہیں اور شکست کے بعد وولفس برگ کی ٹیم ستائس پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں ہینوور نے اشٹٹ گارٹ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ ہینوور کی ٹیم اس جیت کے بعد چونتیس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن پر آنے میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم چھبیس پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر ہے۔
بائیسویں میچ ڈے کے مکمل ہونے پر دفاعی چیپمئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم 49 پوانٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ مؤنشن گلاڈباخ 46 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور میونخ کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔
بریمن کی ٹیم 36 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر ہے اور لیور کوزن کی ٹیم چونتیس پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ اگرچہ ہینوور کے پوائنٹس بھی چونتیس ہیں تاہم گول اوسط کی بنیاد پر وہ ساتویں نمبر پر ہے۔ بنڈس لیگا کے 23 ویں میچ ڈے کا آغاز بروز جمعہ چوبیس فروری سے شروع ہو گا جو اتوار تک جاری رہے گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر