بنڈس ليگا: ريفری کا فيصلہ ڈورٹمنڈ کو لے ڈوبا
9 دسمبر 2012بنڈس ليگا ميں ہفتے کے روز دفاعی چيمپئن ڈورٹمنڈ اور وولفس برگ کے درميان کھيلا جانے والا ميچ تنازعے کا شکار رہا۔ اس ميچ ميں ريفری نے پہلے ہاف کے دوران ايک غلط فيصلہ کيا، جس کے نتيجے ميں ڈورٹمنڈ کو نہ صرف بقيہ ميچ دس کھلاڑيوں کے ساتھ کھيلنا پڑا بلکہ اس کے خلاف پينلٹی پر اسکور کيا جانے والا گول بھی فيصلہ کن ثابت ہوا۔ ميچ کا نتيجہ تين دو سے وولفس برگ کے حق ميں رہا۔
ميچ کے اختتام پر ريفری وولف گانگ اشٹارک نے اپنی غلطی تسليم کرتے ہوئے اس کے ليے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ وولفس برگ کو دی جانے والی پينلٹی کک اور ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑی مارسيل اشميلزر کو دکھايا جانے والا ريڈ کارڈ، دونوں ہی غلط تھے۔
دريں اثناء پوائنٹس ٹيبل پر اب تک سرفہرست ٹيم بائرن ميونخ نے آؤگس بُرگ کو باآسانی صفر کے مقابلے ميں دو گول سے شکست دے دی۔ اس نتيجے کے بعد بائرن کی ٹيم اور پوائنٹس ٹيبل پر دوسرے نمبر کی ٹيم ليور کوزن کے درميان اب گيارہ پوائنٹس کا فرق ہے۔
ادھر شالکے کے ليے ويداد ابيسيوک نے ہيٹ ٹرک اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹيم کو فتح سے ہمکنار کروايا۔ شالکے اور اشٹٹ گارٹ کے درميان اس ميچ کا نتيجہ تين ايک سے شالکے کے حق ميں رہا۔
ہفتے کی شب کھيلے گئے ديگر ميچوں ميں فرينکفرٹ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر بريمن کو چار ايک سے ہرايا جبکہ نيورمبرگ نے ڈسلڈورف کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے مات دی۔ فرائی برگ نے گروئتھر فیورتھ کے خلاف اپنا ميچ صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے جيتا۔
ہفتے کو ختم ہونے والے ميچوں کے بعد بائرن ميونخ کی ٹيم اکتاليس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ ليور کوزن تيس پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزيشن پر ہے۔ ڈورٹمنڈ اور فرينکفرٹ دونوں کے پوائنٹس کی تعداد ستائيس ہے تاہم بہتر گول اوسط کی بنياد پر ڈورٹمنڈ تيسری پوزيشن پر ہے جبکہ فرينکفرٹ چوتھی پر۔ پانچويں پوزيشن پچيس پوائنٹس کے ساتھ شالکے نے سنبھالے رکھی ہے۔
بنڈس ليگا ميں سولہويں ميچ ڈے کے آخری روز اتوار کو دو ميچ کھيلے جائيں گے۔ ان ميچوں ميں مؤنشن گلاڈ باخ کا مقابلہ ہوگا مائنز کی ٹيم سے جبکہ دوسرے ميچ ميں ليور کوزن اور ہينوور کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی۔
(as/sks (AFP, Reuters